بوسہ چور کی گرفتاری کی وجہ بن گیا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption چور کو خاتون کے گال سے حاصل ہونے والے ڈی این اے کی مدد سے پکڑا گیا

فرانس میں ایک چور اپنے ہی ہاتھوں یرغمال بنائی گئی ایک خاتون کا بوسہ لینے کی وجہ سے پکڑا گیا۔

ہوا یُوں کہ یہ چور اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ گذشتہ سال اپریل میں پیرس کے ایک جیولری سٹور کی ایک ملازمہ کے گھر پہنچا۔

دونوں نے خاتون کو باندھ کر اس پر پانی گرایا اور کہا کہ یہ پیٹرول ہے۔

انہوں نے اسے تعاون نہ کرنے پر جلانے کی دھمکی دی اور سٹور کے الارم کوڈ اور تجوری کے پاس ورڈ حاصل کر لیے۔

اس کے بعد چور کا ساتھی چوری کرنے سٹور چلا گیا اور چور نے یرغمال خاتون کی نگرانی سنبھال لی۔ وہ چار گھنٹے تک اس کے ساتھ رہا۔

ایک فرانسیسی اخبار کے مطابق پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ کارروائی کے دوران بندھی ہوئی خاتون کو حوصلہ دینے کے لیے چور نے اُس کا بوسہ لیا۔

جب چور چلے گئے تو خاتون نے پولیس بُلا لی۔ پولیس نے آتے ہی خاتون کے گال سے چور کا ڈی این اے کا نمونہ محفوظ کر لیا۔

چند روز قبل اسی ڈی این اے کی مدد سے پولیس خاتون کے گال پر بوسہ دینے والے چور تک جا پہنچی اور اب وہ حوالات میں ہے۔

اسی بارے میں