جاپان میں بھی برفانی طوفان، 11 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption جاپانی میڈیا کے مطابق ملک کے کچھ حصوں میں اب تک تین فُٹ برف پڑ چکی ہے

جاپان میں مقامی میڈیا کے مطابق ملک میں برفانی طوفان کے نتیجے میں کم سے کم 11 افراد ہلاک ہو گئے۔

برفانی طوفان کی وجہ سے سینکڑوں افراد کو اپنا گھر چھوڑنا پڑا جب کہ 100 سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

جاپانی میڈیا کے مطابق ملک کے کچھ حصوں میں اب تک تین فُٹ برف پڑ چکی ہے، اور بھاری برفباری کی وجہ سے ایئرپورٹ بند اور متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

جاپان کے محکمۂ موسمیات نے مزید برفانی طوفان کی پیش گوئی کی ہے۔

اطلاعات کے مطابق شدید برفباری کی وجہ سے چند علاقوں میں عمارتوں کی چھتیں گر گئیں، سینکڑوں گاڑیاں برف میں پھنس گئیں اور ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا۔

جاپان کے محکمۂ موسمیات کے مطابق دارالحکومت ٹوکیو میں جمعے اور سنیچر کی رات 27 سینٹی میٹر برف پڑی جب کہ متعدد شہروں میں ریکارڈ برفباری کی اطلاعات ہیں۔

جاپان میں ایک ہفتے کے دوران یہ دوسرا برفانی طوفان ہے۔

خیال رہے کہ امریکہ، کینڈا اور برطانیہ آج کل شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ نیویارک اور امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی سمیت امریکہ کے جنوب مشرق سے لے کر شمال مشرق تک جمعے کو شدید برفانی طوفان سے دس لاکھ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

امریکی محکمۂ موسمیات کے مطابق بدھ کو آنے والے طوفان سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔

اسی بارے میں