تھائی لینڈ: بس کے حادثے میں 13 بچوں سمیت 15 ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption تھائی لینڈ میں ٹریفک حادثات میں جانی نقصان کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں

تھائی لینڈ میں پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کے مشرقی علاقے میں بس کے حادثے میں 13 بچوں سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ جمعے کو علی الصبح پراچن بوری نامی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک ڈبل ڈیکر بس مال بردار ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

متاثرہ بس میں دس سے چودہ برس کی عمر کے 45 سے زیادہ طلبا سوار تھے جو شمال مشرقی صوبے ناخون رچاسیما سے تفریحی مقام پتایا جا رہے تھے۔

تھائی پولیس کے افسر انوکرن تھامویجن نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 13 طلبا کے علاوہ ان کے دو اساتذہ بھی شامل ہیں جبکہ 30 سے زیادہ افراد اس حادثے میں زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہلاک شدگان میں سے 11 نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ چار افراد ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔

انھوں نےیہ بھی بتایا کہ زخمیوں کو تین مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں پانچ کی حالت نازک ہے۔

پولیس افسر کے مطابق تاحال حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم ممکنہ طور یہ ڈرائیور کے اونگھنے کی وجہ سے پیش آیا۔

خیال رہے کہ تھائی لینڈ میں ٹریفک حادثات میں جانی نقصان کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں اور یہاں کی سڑکوں کو دنیا کی خطرناک ترین سڑکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

گذشہ برس اکتوبر میں بھی تھائی لینڈ میں بدھ یاتریوں کی بس ندی میں گرنے سے 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اسی بارے میں