’خدا کو ہم جنس پرستوں سے نفرت‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption یہ نعرہ چرچ کی جانب سے لگائے جانے والے نعروں میں سب سے زیادہ معروف نعرہ بن گیا

امریکہ کے ویسٹ بورو چرچ کے پادری فریڈ فیلپس اٹھاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ اگرچہ کم ہی لوگ انہیں اپنا گرو مانتے ہیں لیکن ان کا دیا ہوا ایک نعرہ دنیا بھر میں شہ سرخیاں بنا گیا تھا۔ ’خدا کو نفرت ہے ہم جنس پرستوں سے‘۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پادری فریڈ فیلپس کو یہ بدنام نعرہ کب اور کیسےسوجھا۔

ویسٹ بورو چرچ کے تحت معمول کے دعائیہ اجتماعات کا آغاز سنہ 1955 میں ہوگیا تھا، لیکم ہم جنسیت کی جانب اس چرچ کی توجہ صرف بیس برس پہلے مبذول ہوئی۔ اُس وقت تک فریڈ فیلپس کو لوگ ہم جنست پرستی کے مخالف کے طور پر نہیں جانتے تھے، بلکہ ان کی شہرت یہ تھی کہ وہ شہری حقوق کے لیے کام کرتے ہیں اور کچھ لوگوں کو تنگ کرنے کے لیے فضول قسم کی مقدمہ بازی میں لگے رہتے تھے۔

لیکن جو لوگ فیلپس کی سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے تھے ان کا خیال ہے کہ جنسیت ہمیشہ سے ان کے پیغامات کا حصہ رہی ہے۔ سینیئر وکیل مارک پوٹک کہتے ہیں کہ ’انسانوں میں جنسیت‘ کا موضوع ہمیشہ سے فریڈ کے دماغ پر سوار تھا۔ مارک پوٹک کو یاد ہے کہ سنہ 1952 میں مشہور میگزین ’ٹائم‘ میں فریڈ کا نام چھپا تھا جس میں لکھا تھا کہ فریڈ گلی گلی جا کر تبلیغ کر رہے ہیں کہ فحش لطیفے سنانا غلط ہے۔

تاہم ہم جنس پرستی کے خلاف فریڈ نے اپنی مہم کا باقاعدہ آغاز سنہ 1991 میں کیا۔

امریکی ریاست کینساس کے قصبے ٹوپیکا میں مقیم صحافی فریڈ مین کا کہنا ہے کہ یہاں کا مقامی چرچ جہاں سے فیلپس نے اپنی مہم کا آغاز کیا، اس کے پاس ہی ایک پبلک پارک ہے۔

’پادری اور چرچ کے دوسرے لوگوں کا خیال تھا کہ اس پارک میں ہم جنس افراد اپنی حرکتوں میں مشغول ہوتے ہیں۔ چنانچہ چرچ والوں نے پارک میں ہم جنس پرستوں کی مخالفت میں ایک مہم کا آغاز کر دیا۔ مہم کے شروع شروع میں یہ نعرہ کہیں دکھائی نہیں دیتا تھا کہ ’خدا ہم جنس پرستوں سے نفرت کرتا ہے‘۔

لیکن آہستہ آہستہ ہم جنس پرستوں کے خلاف زیادہ برے الفاظ استعمال کیے جانے لگے۔ پہلے نعروں میں صرف یہی ’ہم جنس پرست‘ یا ’گے‘ کے الفاظ استعمال کیے جاتے رہے، لیکن بعد انھوں نے اپنے نعروں میں ’خدا‘ اور پھر ’نفرت‘ کے الفاظ کا اضافہ کرنا شروع کر دیا۔

پادری فیپلس کے حامیوں کا مقصد اپنے نعروں سے لوگوں کو حیران و پریشان کرنا تھا۔ انہوں نے سوچا کہ جو لوگ ہم جنس پرستوں کے بارے میں گھٹیا الفاظ سے پریشان نہیں ہو رہے انھیں ’خدا کی نفرت‘ جیسے الفاظ سن کر دھچکہ ضرور پہنچے گا۔

لگتا ہے کہ ان کی اس ترکیب نے کام دکھایا کیونکہ وقت کے ساتھ ساتھ ہم جنس پرستوں کے خلاف یہ نعرہ چرچ کی جانب سے لگائے جانے والے نعروں میں سب سے زیادہ معروف نعرہ بن گیا۔

اسی بارے میں