فرانسیسی صدر کی سابقہ شریکِ حیات نئی کابینہ میں شامل

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سیگولین رویال فرانسوا اولاند کے چار بچوں کی ماں ہیں۔ اس تصویر میں وہ بیٹے کے ساتھ نظر آ رہی ہیں

فرانس کی سوشلسٹ سیاستدان سیگولین روایال اپنے سابق شریک حیات فرانسو اولاند کی حکومت میں شامل ہوگئی ہیں اور انھیں کابینہ میں ماحولیات کی وزیر کا عہدہ دیا گیا ہے۔

سیگولین روایال فرانسوا اولاند کے چار بچوں کی ماں ہیں۔ ان کی صدر سے کئی برس پہلے باقاعدہ علیحدگی ہو چکی ہے۔

حالیہ مقامی انتخابات میں صدر فرانسو اولاند کی حکومت کو ’شرمناک‘ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کے بعد صدر نے وزیر اعظم کو عہدے سے ہٹا کر نئی کابینہ تشکیل دی ہے۔

صدر فرانسوا اولاند نے مینویل والس کو نیا وزیر اعظم تعینات کیا ہے جبکہ وزیر خزانہ پیئر ماسکوویسی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

پیئر ماسکو ویسی کی جگہ میشل سپاں کو نیا وزیر خرانہ مقرر کیا گیا ہے۔

وزیر خارجہ لوراں فیبوس اور وزیر دفاع یاں ای ڈرایان اپنے عہدے پر بحال رہیں گے۔

فرانسیسی صدر فرانسو اولاند اس عشرے کے سب سے غیر مقبول فرانسیسی صدر ہیں۔ وہ انتخابی وعدوں کے برعکس فرانس کی معیشت کو بحال کرنے میں بری طری ناکام ہوئے ہیں۔

سیگولین روایال نے 2007 میں سوشلسٹ پارٹی کی طرف سے صدارتی انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن وہ نکولا سرکوزی سے ہار گئی تھیں۔

کہا جاتا ہے کہ فرانسیسی صدر کی سابقہ شریک حیات ویلری ٹریویلر نے سیگولین روایال کی تعیناتی کی مخالفت کی تھی۔

فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند اداکارہ ژولی گائییے سے معاشقے کی خبروں کے بعد سابقہ خاتون اول ویلیری ٹرائرویلر سے بھی باقاعدہ علیحدگی اعلان کر چکے ہیں۔

اسی بارے میں