ہٹاچی چین میں دنیا کی تیز ترین لفٹ نصب کرے گی

تصویر کے کاپی رائٹ HITACHI
Image caption گوانگ ژو کی عمارت میں کُل 95 لفٹیں نصب کی جائیں گی جن میں سے دو کی رفتار بہت تیز ہو گی

ٹیکنالوجی کمپنی ہٹاچی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جنوبی چین کے شہر گوانگ ژو کی ایک عمارت میں 72 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی لفٹ نصب کرے گی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ لفٹ دنیا کی تیز ترین لفٹ ہو گی اور اس سےگوانگ ژو سی ٹی ایف سینٹر کی 95ویں منزل تک 43 سیکنڈ میں پہنچا جا سکے گا۔

گوانگ ژو میں یہ بلند عمارت 2016 میں مکمل ہو گی۔

ہٹاچی کا کہنا ہے کہ اس تیز ترین لفٹ میں ڈر نہیں لگے گا اور نہ ہی اس میں سوار افراد کے کان بند ہوں گے۔

لفٹ ٹیکنالوجی کے ماہر ڈاکٹر جینا بارنے کا کہنا ہے کہ ہٹاچی کے لیے مسافروں کے آرام کو برقرار رکھنا بڑا چیلنج ہو گا۔

’جب آپ اس رفتار سے اتنی بلندی پر جا رہے ہوتے ہیں تو کان ضرور بند ہوتے ہیں۔ اور ہٹاچی کے لیے یہی چیلنج ہے کہ مسافروں کو کوئی تکلیف نہ ہو۔‘

گوانگ ژو کی عمارت میں کُل 95 لفٹیں نصب کی جائیں گی جن میں سے دو لفٹیں تیز رفتار ہو گی۔

اس وقت تائیوان میں ایک 101 منزلہ عمارت میں دنیا کی تیز ترین لفٹ نصب ہے جس کی رفتار 60.6 کلومیٹر تک ہے۔

یہ لفٹ پانچویں منزل سے 89 ویں منزل تک 37 سیکنڈ میں پہنچتی ہے۔

اسی بارے میں