والد کو نوکری دلانے کی ایک کوشش

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دس سالہ شارلٹ بیل نے صدر اوباما کی اہلیہ کو بتایا کہ اس کے والد پچھلے کئی سالوں سے ملازمت سے محروم ہیں۔

امریکہ میں ایک کم سن بچی نے صدر براک اوباما کی اہلیہ مشیل اوباما سے ملاقات کو اپنے بےروزگار والد کو نوکری دلوانے کا وسیلہ بنا لیا۔

یہ واقعہ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس سالانہ تقریب کے سوالات کے دوران پیش آیا جس میں وائٹ ہاؤس کاعملہ اپنے بچوں کو کام پر ساتھ لے کر آتا ہے۔

دس سالہ شارلٹ بیل نے صدر اوباما کی اہلیہ کو بتایا کہ اس کے والد پچھلے کئی سالوں سے ملازمت سے محروم ہیں۔

مشل اوباما نے تقریب میں شریک دوسرے بچوں کو بتایا کہ شارلٹ’ اپنے والد کے لیے کچھ کررہی ہیں۔‘

جب تقریب ختم ہوئی تو مشل اوباما نے بچی سے اس کے والد کا ’سی وی‘ لیا اور بچی کو گلے لگایا۔

شارلٹ کی والدہ وائٹ ہاؤس کے انتظامی امور کے شعبے میں کام کرتی ہیں۔

انہوں نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی اور ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر نے اوباما کی 2012 کی انتخابی مہم میں کام کیا تھا مگر اس کے بعد سے وہ اس قسم کی نوکری کی تلاش میں ہیں۔

انہوں نے مزید یہ بھی بتایا کہ گھر میں ان کے خاندان نے مذاق میں سوچا کہ کیوں نہ وائٹ ہاؤس کی تقریب میں شارلٹ کے والد کی نوکری کے لیے کوشش کی جائے۔

مگر ان کو یہ اندازہ نہیں تھا کہ شارلٹ اس بات کو اتنی سنجیدگی سے لے گی۔

اسی بارے میں