فائزرکی ایسٹرا زینیکا کی خریداری میں دلچسپی

Image caption اگر فائزر کی بولی کامیاب ہو گئی تو یہ برطانیہ کی تاریخ میں کسی غیر ملکی کمپنی کی طرف سے سب سے بڑی خریداری ہوگی

امریکی کمپنی فائزر نے برطانوی فارماسوٹیکل کمپنی ایسٹرا زینیکا کو خریدنے کے لیے بولی دینے میں دلچسپی کی تصدیق کی ہے۔ اس کے بعد پیر کے روز ایسٹرا زینیکا کے شیئرز میں 14 فیصد اضافہ ہو گیا۔

فائزر کے مطابق انھوں نے جنوری میں ایسٹرا زینیکا کے ساتھ ابتدائی رابطہ کیا تھا، جہاں انھوں نے تقریباً 59 ارب ڈالر کی بولی لگائی تھی۔ اس کے بعد فائزر نے دوسری بار ایسٹرا زینیکا کے ساتھ رابطہ کیا ہے۔

ایسٹرا زینیکا میں 51 ہزار سے زائد ملازمین کام کرتے ہیں۔ کمپنی کے مطابق فائزر نے ابتدائی بولی اس کی قیمت ’نمایاں طور‘ پر کم لگائی تھی۔

اگر فائزر کی بولی کامیاب ہو گئی تو یہ برطانیہ کی تاریخ میں کسی غیر ملکی کمپنی کی طرف سے سب سے بڑی خریداری ہوگی۔

تاہم ایسٹرا زینیکا نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ وہ خود ایسی حکمت عملی اختیار کر سکتے ہیں جس سےشیئر ہولڈرز کو فائدہ ہو۔

فائزر نے ایک بیان میں کہا کہ ایسٹرا زینیکا کا بات چیت سے انکار کرنے کا مطلب ہے کہ وہ اور راستوں پر بھی غور کر رہی ہے۔

ایسٹرا زینیکا 16 ممالک میں ذیابیطس، سرطان اور دمہ کے علاج کے لیے ادویات اور اینٹی بایوٹکس تیارکرتی ہے۔

گذشتہ سال اس کی سیل 26 ارب پاؤنڈ کے قریب تھی۔ برطانیہ میں اس کے آٹھ کارخانے ہیں جہاں 6700 ملازمین کام کرتے ہیں۔

فائزر کا کہنا ہے کہ یہ سودا ایسٹرا زینیکا کے شیئر ہولڈرز کے لیے ایک ’انتہائی دلچسپ موقع‘ ہے۔ اگر یہ سودا منظور ہوا تو مشترکہ فرم کا انتظام امریکہ اور برطانیہ میں ہو گا لیکن اس کے شیئرز نیویارک سٹاک ایکسچینج میں ہوں گے۔ فائزر نے کہا کہ وہ ایسٹرا زینیکا کو صرف اس بنیاد پر پیشکش کرے گی اگر اس کمپنی کے ڈائریکٹرز معاہدے کے حق میں متفقہ طور پر ووٹ دیں۔

ایسٹرا زینیکا خریدنے سے فائزر کو کینسر اور ذیابیطس جیسے امراض کے لیے تیار کردہ بڑی تعداد میں ادویات تک رسائی مل سکتی ہے۔

سون انویسٹمنٹ مینجمنٹ کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ فائزر بہت کم قیمت کی بولی لگا رہا ہے۔ تاہم سٹی بینک کے ایک تجزیہ کار کے مطابق 90 فیصد امکان ہے کہ فائزر ایسٹرا زینیکا کو خرید لے گا۔

ماضی میں فائزر ایک اور بڑی خریداری کر چکا ہے جب 2009 میں اس نے 68 ارب ڈالر میں وائتھ کمپنی کو خریدا تھا۔

تاہم بی بی سی کے تجارتی مدیر کا کہنا ہے کہ فائزر کی یہ خریداری ایک طویل کشمکش میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ انھوں نے کہا ’اگر ایسٹرا زینیکا تعاون نہیں کرتی تو مخالفت پیدا ہو سکتی ہے۔

برطانوی تجارتی سیکرٹیری ونس کیبل نے ایک بیان میں کہا: ’میری ترجیح برطانیہ کی ریسرچ اور ڈویلپمنٹ سیکٹر میں ہنر مند کارکنوں کا فروغ اور طویل مدتی سرمایہ کاری ہے۔‘

اسی بارے میں