ہلیری انتہائی صحت مند ہیں: بل کلنٹن

تصویر کے کاپی رائٹ PA
Image caption بل کلنٹن نے اپنی اہلیہ کی صحت کے متعلق ظاہر کیے جانے والے خدشات کو ہنسی میں اڑا دیا

سابق امریکی صدر بل کلنٹن کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ اور ملک کی سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن انتہائی صحت مند ہیں۔

انھوں نے یہ بات ریپبلیکن پارٹی کی جانب سے ہلیری کلنٹن کی خراب صحت کے بارے ظاہر کیے جانے والے خدشات کے پیشِ نظر کی ہے۔

ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے بل کلنٹن نے اپنی 66 سالہ اہلیہ کے بارے میں کہا کہ ’میں بس اتنا ہی کہہ سکتا ہوں کہ ان کی حالت مجھ سے بہتر ہے۔‘

ہلیری کلنٹن سنہ 2012 میں بیمار ہو گئی تھیں۔ ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ سنہ 2016 کے صدارتی انتخابات میں امیدوار ہوں گی۔

گذشتہ ہفتے کارل روو نے وائٹ ہاؤس کی ان کی دعویداری پر سوال کھڑے کیے تھے اور مبینہ طور پر کہا تھا کہ انھیں ممکنہ طور پر دماغی چوٹ لگی ہے۔

معروف اخبار دی نیویارک پوسٹ نے منگل کو یہ خبر شائع کی تھی کہ جارج ڈبلیو بش کو وائٹ ہاؤس پہنچانے والے کارل روو نے گذشتہ ہفتے لاس اینجلس میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’30 دن ہسپتال میں؟ اور پھر جب وہ دوبارہ نظر آئیں تو انھوں نے ایسی عینک لگا رکھی تھی جو صرف دماغی چوٹ کے بعد لگائی جاتی ہے۔ ہمیں اس کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کارل روو نے کہا کہ ہسپتال سے نکلنے کے بعد انھوں نے ایسی عینک لگا رکھی تھی جو صرف دماغی چوٹ کے بعد لگائی جاتی ہے

ہلیری کلنٹن دسمبر سنہ 2012 میں معدے کی تکلیف کی وجہ سے تین دنوں تک ہسپتال میں رہی تھیں۔ جسم میں پانی کی شدید کمی کے سبب وہ اپنے گھر پر گر گئیں اور ان کے سر میں چوٹ آئی اور وہ بے ہوش ہو گئیں۔ جب وہ ہسپتال میں تھیں تو ڈاکٹروں نے ان کے سر میں تکۂ خون دیکھا۔

کارل روو نے نیویارک پوسٹ کی خبر کی تردید کی ہے۔

انھوں نے فاکس نیوز پر کہا کہ ’میں نے یہ نہیں کہا کہ ان کے دماغ کو نقصان پہنچا ہے۔ میں نے کہا کہ ان کی صحت کا معاملہ بہت سنگین تھا۔‘

ڈیموکریٹ پارٹی کے اراکین اور بعض تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ سنہ 2016 کے صدارتی انتخابات کی دوڑ قریب آنے سے قبل مسٹر روو ہلیری کلنٹن کی صحت کے بارے میں خدشات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ یہ عوامی بحث کا موضوع بنیں۔

ڈیلی بیسٹ کے کالم نگار مائیکل ٹوماسکی نے ایم ایس این بی سی نیوز چینل پر کہا کہ ’ایسے مسائل کو ابھارنے کے مختلف طریقے ہوتے ہیں اور اگر کوئی صدارتی انتخابات کے لیے میدان میں ہے تو اس کو صحت کے بارے میں سوالات کے جواب دینے ہوں گے اور وہ بھی ایسے شخص کے لیے جو صدارتی حلف لیتے وقت 69 سال کا ہو۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’بہر حال اس سوال کو اس طرح نہیں اٹھایا جانا چاہیے تھا۔ یہ زہر آلود اور تلخ طریقہ تھا۔‘

سابق صدر بل کلنٹن نے بدھ کو واشنگٹن میں کہا کہ ان کی اہلیہ کے سر کی چوٹ شدید تھی اور انھیں اس سے صحت یاب ہونے میں چھ ماہ لگ گئے۔

انھوں نے کہا کہ ’وہ ہر ہفتے کام کرتی ہیں، وہ مضبوط ہیں، وہ بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور یقینی طور پر ان میں ابھی بہت زیادہ قوت نظر آ رہی ہے۔‘

اسی بارے میں