گاڈزیلا کے ہدایت کار سٹار وارز سیریز کی فلم بنائیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption گیرتھ ایڈورڈز کو حال ہی میں اپنی فلم گاڈزیلا پر خاصی پذیرائی ملی تھی

امریکی فلم کمپنی والٹ ڈزنی نے تصدیق کی ہے کہ برطانوی ڈائریکٹر گیرتھ ایڈورڈز جنھوں نے حال ہی میں گاڈزیلا نامی فلم بنائی تھی، اب سٹار وارز سیریز کی ساتویں فلم کی ہدایات دیں گے۔

اس نئی فلم کا نام سامنے نہیں لایا گیا۔ یہ سٹار وارز سیریز کی تین فلموں کا حصہ ہو گی، جس کے پہلے حصے کی ہدایات جے جے ایبرامز دیں گے۔

اس فلم کا مسودہ گیری وٹا تحریر کریں گے جنھوں نے 2010 میں ’بک آف ایلی‘ کا سکرپٹ لکھا تھا۔ فلم 16 دسمبر 2016 میں مکمل ہو گی۔

ایک بیان میں ایڈورڈز نے کہا کہ ’جب سے میں نے سٹار وارز دیکھی تو میں جان گیا کہ میں اپنی زندگی میں کیا کرنا چاہتا ہوں۔ اس مشن پر جانا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘

گیری وٹا نے بھی انھی جذبات کی عکاسی کرتے ہوئے کہا: ’اس میں شرکت کرنے کا موقع میرے لیے ایک ایسے خواب کی مانند ہے جو حقیقت بن جائے۔‘

باکس آفس موجو ڈاٹ کام کے مطابق گاڈزیلا امریکی باکس آفس میں پہلے نمبر پر رہی تھی اور اس نے دنیا بھر میں تقریباً ساڑھے 21 کروڑ ڈالر کا بزنس کیا تھا۔

اس کے علاوہ ایڈورڈز کی 2010 میں آنے والی فلم ’مونسٹرز‘ کو بھی بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی تھی۔

اصل سٹار وارز فلم کی ٹرائیلوجی (تین فلموں کی سیریز) میں 1977 کی ابتدائی فلم، 1980 کی دا ایمپائر سٹرائکس بیک اور 1983 کی ریٹرن آف دا جیڈائی شامل ہیں لیکن اس سیریز کے خالق جارج لوکس کا ہمیشہ سے یہی کہنا تھا کہ یہ سیریز دراصل نو فلموں پر مشتمل ہے۔

ان فلموں کے بعد سٹار وارز کی تین اور فلمیں بھی نمائش کے لیے پیش کی گئی تھیں: 1999 کی دا فینٹم مینس، 2002 کی اٹیک آف دا کلونز اور 2005 کی ریوینج آف دا ستھ۔

ڈزنی نے 2012 میں جارج لوکس کی کمپنی لوکس فلمز 4.05 ارب ڈالر میں خرید لی تھی۔ البتہ ڈزنی کا کہنا تھا کہ جارج لوکس بطور مشیر بقیہ فلموں سے وابستہ رہیں گے۔

سٹار وارز سیریز کا ساتواں حصہ اگلے سال نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اسی بارے میں