روسیوں کو مشورہ ’ صاحب تھوڑا مسکرا کر‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption ٹسکنی کا علاقہ روسی سیاحوں میں بہت مقبول ہے

اٹلی کے ایک ہوٹل کے مالک نے ایک ٹی وی اشتہار بنایا ہے جس میں انھوں نے روسی سیاحوں کو آداب سیکھنے کے مشورے دیے ہیں۔

اٹلی کے روزنامہ ’لا رپبلکا‘ کے مطابق یہ اشتہار مرکزی اٹلی کے شہر ٹسکنی کے ساحلی علاقے فورٹے ڈی مارمی میں رہائش پذیر ان روسی سیاحوں کے لیے ہے جو مقامی لوگوں کے مطابق بہت ’مغرور‘ ہیں۔

اشتہار کو فلمبند کرنے والے’سافٹ لئوینگ پلیسز‘ نامی ہوٹل کے مالک سلویٹور مڈونا نے روسی سیاحوں کو’تھورا اور مسکرانے‘ کا مشورہ دیا ہے۔

اشتہار میں سیاحوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر کوئی آپ کی خدمت کرتا ہے اور ان کی یہ بات آپ کو پسند آتی تو آپ صرف ان کے لیے ٹپ نہ چھوڑیں بلکہ ان کا شکریہ بھی ادا کریں۔

یاد رہے کے 2012 میں اٹلی کے روزنامہ لا سٹیمپا کے مطابق مذکورہ علاقہ روسی سیاحوں میں بہت مقبول ہوگیا تھا اور اس وقت ایک روسی سیاح نے ایک مقامی ہوٹل کے ویٹر کو 4000 یورو ٹپ دی تھی۔

اشتہار میں روسی سیاحوں سے یہ بھی گزارش کی گئی ہے کے وہ صبح کے وقت کاپاچینو کافی کا استعمال نہ کریں کیونکہ یہ اٹلی میں شام کے وقت پی جاتی ہے، اشتہار میں سیاحوں کو شام کے وقت ایکس پریسو کافی پینے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اس اشتہار کو روسی ماڈل لودملا ریڈسینکو کی مدد سے فلمبند کیا گیا ہے اور یہ تمام روسی چینلوں پر اور سوشل میڈیا نیٹ ورکس پر بھی نشر کیا جائے گا۔

سلویٹور مڈونا کےمطابق ان کے اشتہار کا مقصد ہرگز یہ نہیں کہ وہ روسی سیاحوں کو آداب سکھائیں بلکہ وہ صرف ان کو مشورہ دینا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ اس اشتہار سے اور بھی سیاح اٹلی کا رخ کریں گے۔

اسی بارے میں