’عراق کے سلسلے میں تمام آپشنز پر غور ہو رہا ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption عراق میں مختصر مدت کے لیے فوری طور پر فوجی انداز میں کچھ کرنے کی ضرورت ہے: براک اوباما

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ ان کی حکومت عراق میں فوجی ایکشن سمیت ’تمام آپشنز‘ پر غور کر رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی شدت پسندوں کے ساتھ لڑائی میں عراقی حکومت کی مدد کی جائے گی۔

براک اوباما نے کہا کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ جہادی عناصر عراق میں قدم جمانے میں کامیاب نہ ہوں۔

امریکی صدر کا یہ بیان عراق میں دولتِ اسلامیہ فی عراق والشام (آئی ایس آئی ایس) نامی تنظیم کی جانب سے موصل اور تکریت پر قبضے کے بعد سامنے آیا ہے۔

براک اوباما نے وائٹ ہاؤس میں آسٹریلیا کے وزیرِاعظم ٹونی ایبٹ کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ عراق میں مختصر مدت کے لیے فوری طور پر فوجی کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا ’میں عراق میں کسی بھی طرح کی کارروائی کے امکان کو مسترد نہیں کرتا کیونکہ ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ جہادی عراق میں قدم جمانے میں کامیاب نہ ہوں۔‘

اس سے پہلے امریکہ میں عراق کے سیفر لقمان فیلی نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ حالیہ برسوں میں عراق کو ’انتہائی سنگین‘ صورتِ حال کا سامنا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption دولتِ اسلامیہ کو شام کے بڑے حصے اور مغربی و وسطی عراق پر کنٹرول حاصل ہے اور اس کی کوشش ہے کہ وہاں عسکریت پسند سنی علاقہ قائم کیا جائے

ادھر عراقی پارلیمان میں وزیرِ اعظم نوری المالکی کی جانب سے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کے بارے میں ہونے والی رائے شماری کو ممبران کی مطلوبہ تعداد کم ہونے کی وجہ سے موخر کر دیا گیا۔

عراقی پارلیمان کے 325 میں سے صرف 128 ارکان رائے شماری کے وقت پارلیمان میں موجود تھے۔

دولتِ اسلامیہ فی عراق والشام نامی تنظیم کی قیادت میں عسکریت پسندوں کا ارادہ ہے کہ جنوبی علاقوں کی جانب مزید پیش قدمی کریں گے جہاں دارالحکومت بغداد اور شیعہ اکثریتی علاقے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے عراق میں شدت پسندوں کی جانب سے موصل اور تکریت پر قبضے کی شدید مذمت کی تھی۔

اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو متحد ہو کر عراق کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کرنا چاہیے۔

اس سے پہلے بدھ کو عراقی سکیورٹی حکام نے بتایا تھا کہ کہ اسلامی شدت پسندوں نے منگل کو موصل کے بعد سابق صدر صدام حسین کے آبائی شہر تکریت پر بھی قبضہ کر لیا تھا۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق عراقی افواج نے جعمرات کو موصل اور تکریت میں فضائی حملے کر کے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا۔

عراقی افوج کی بمباری نے آئی ایس آئی ایس کی پیش قدمی کو سامرا میں روک دیا تھا۔

بیروت میں بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق صوبہ نینوا پر دولتِ اسلامیہ کا کئی ماہ سے غیر رسمی کنٹرول تھا جس میں یہ تنظیم مقامی اہلکاروں سے بھتہ وصول کیا کرتی تھی۔

کہا جاتا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کو شام کے بڑے حصے اور مغربی و وسطی عراق پر کنٹرول حاصل ہے۔

اسی بارے میں