قطر کا مسافر بردار طیارہ مانچسٹر میں اتار لیا گیا

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption مشتبہ شخص کو مزید پوچھ گچھ کے لیے اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے: مانچسٹر پولیس

برطانیہ کے جنگی طیاروں نے قطر ایئرویز کے ایک مسافر بردار طیارے کو مانچسٹر ایئرپورٹ پر اتار لیا ہے۔

حکام نے طیارے میں بم رکھنے کی دھمکی کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔

گریٹر مانچسٹر پولیس نے کہا ہے کہ جس شخص کو گرفتار کیا گیا ہے وہ ’شمال مغربی علاقے‘ کا رہنے والا ہے اور اسے مزید پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں رکھا گیا ہے۔

برطانوی ایئرفورس کے ٹائیفون طیاروں نے قطر ایئرویز کا طیارہ کیو آر23 کو اس وقت گھیر لیا جب پائلٹ نے طیارے میں ’مشتبہ آلات‘ پائے جانے کی اطلاع کنٹرول ٹاور کو دی۔

برطانیہ کی مسلح پولیس نے دوحا سے مانچسٹر آنے والے طیارے میں گھس کر ایک شخص کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

قطر ایئرویز نے ایک بیان میں کہا ہے’ طیارے کے عملے کو ایک ممکنہ دھماکہ خیز مواد کی دھمکی ملی تھی. قطر ایئرویز نے فوری طور پر احتیاطی اقدامات کیے اور برطانوی حکام کو الرٹ کر دیا.‘

مانچسٹر ایئر پورٹ پر تمام پروازیں پچیس منٹ کے لیے روک دی گئی تھی۔

طیارے میں سوار ایک مسافر میتھیو کاکس نے بی بی سی کو بتایا کہ مسلح پولیس کے اہلکاروں نے طیارے میں گھس کر مشتبہ شخص کو ڈھونڈ کر اس کی تلاشی لی۔ پولیس نے مشتبہ شخص کو ہاتھ اوپر کر کے کھڑا ہونے ہو کہا اور پھر اسی طرح اسے طیارے سے اتار کر لےگئے۔ ’وہ دوسرے مسافروں سے مختلف نظر نہیں آ رہا تھا۔‘