کیا چین افغانستان میں اپنا اثرو رسوخ بڑھا سکتا ہے؟

Image caption مقررین کا کہنا تھا کہ اس خطے کا باسی ہونے اور سامراجی عزائم نہ ہونے کی وجہ سے چین اہم کردار ادا کر سکتا ہے

افغانستان میں پہلے سویت یونین آیا اور شکست کھائی، پھر امریکہ آیا اور اب جلدی میں وہاں سے نکلنے کی کوشش میں ہے۔ ایسے میں افغانستان میں کیا تیسری بڑی قوت یعنی چین کے بڑھتے اثر و رسوخ کا متحمل ہو سکتا ہے؟

اسلام آباد میں دو روز تک پاکستان، چین اور افغانستان کے درمیان تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر ماہرین نے غور کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس خطے کا باسی ہونے اور سامراجی عزائم نہ ہونے کی وجہ سے چین اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

اسلام آباد میں قائم غیر سیاسی تھینک ٹینک پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ اور جرمن غیر سرکاری ادارے کے اے ایس نے اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں یہ دو روزہ کانفرنس منعقد کی۔ اپنے خطاب میں چینی سفیر سن وئی تونگ نے کہا ہے کہ پاکستان، چین اور افغانستان خطے کے اہم ترین ممالک ہیں، تینوں کے مابین قریبی تعلقات کو پروان چڑھانے کے لیے مل جل کر جدوجہد کرنی ہوگی۔

یہ قریبی تعلقات کس قسم کے ہوسکتے ہیں اور کیا افغانستان کسی تیسری عالمی طاقت کے بڑھتے اثر و رسوخ کا متحمل ہوسکتا ہے؟

میں نے یہ سوال کانفرنس میں موجود افغان مندوب اور مصالحتی کوششوں میں مصروف سابق وزیر ڈاکٹر غلام فاروق اعظم کے سامنے رکھا تو ان کا کہنا تھا کہ ’باہر کا جو کوئی بھی آئے وہ آپ کے فائدے میں نہیں ہے۔ ہمارے جیسی قومیں جو ساتھ رہتی ہیں انھیں چاہیے کہ آپس میں مل جل کر ایک دوسرے کے فائدے کے لیے رہیں۔‘

’جو بھی آتا ہے میرے اور آپ کے درمیان امن کو نقصان پہنچاتا ہے۔ لیکن چین اس علاقے میں موجود ہے اور اسے بھی سکیورٹی خطرات پیدا ہو رہے ہیں۔ اب افغانستان میں وہ ہمسایہ ممالک جنھوں نے امریکہ کے ساتھ مل کر اپنے اوپر مصیبت طاری کی وہ اس سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔‘

پاکستان میں افغان سفیر جاناں موسیٰ زئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا افغانستان 2001 کے افغانستان سے یکسر مختلف اور ترقی یافتہ ہے اور آج جمہوری افغانستان پارلیمنٹ، عدلیہ، نیشنل آرمی، سول سوسائٹی، انٹرنیٹ، میڈیا سے متعلقہ جدید طرز زندگی کے تمام تقاضے پورے کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption چین افغانستان میں چینی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری اور کاروبار کی حد تک شریک ہونا چاہے گا

کانفرنس میں شریک تجزیہ نگار حسن عسکری رضوی سے پوچھا کہ کیا کوئی نیا سہ فریقی اتحاد بنے جا رہا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی اتحاد تو نہیں بن رہا لیکن کوشش یہ ہو رہی ہے کہ تینوں ممالک مل کر دہشت گردی پر تعاون بڑھائیں:

’چین اویغوروں اور سرحد کی نگرانی میں دلچسپی رکھتا ہے، جب کہ افغانستان چین کی سرمایہ کاری چاہتا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پر چین ملوث ہونا نہیں چاہے گا: ’چین کی پالیسی نہیں ہے کہ وہ اتنا زیادہ ملوث ہو کہ پھر اس کے خلاف روسیوں اور امریکیوں جیسی نفرت پیدا ہو۔ تاہم وہ نجی چینی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری اور کاروبار کی حد تک شریک ہونا چاہے گا۔‘

چینی سفیر سن وئی تونگ نے مزید کہا کہ چین پاکستان اور افغانستان دونوں ممالک کا سب سے بڑا ہمسایہ ملک ہے جبکہ جہاں ایک طرف پاک چین دوستی کسی تعارف کی محتاج نہیں، وہیں افغانستان کی ترقی و خوشحالی کو مدنظر رکھتے ہوئے سب سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے والے ملک کا اعزاز رکھتا ہے۔

افغانستان میں پاکستان کے سابق سفیر رستم شاہ نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں سرمایہ کاری ہی چین کو اس کی جانب کھینچ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف لوگر کے تانبے کی کانوں میں چین نے 3.2 ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے: ’چین یہ بھی سمجھتا ہے کہ امریکہ کی طویل مدت موجودگی اس کے لیے اچھی نہیں ہے کیونکہ امریکہ اپنی پالیسی کے تحت چین کو باندھنا اس کا محاصرہ کرنا چاہتا ہے۔ چین کو یہ خدشات ہیں لہٰذا اس کا افغانستان میں بہت بڑا کردار ہے ‘

رستم شاہ مہمند کہتے ہیں کہ تجارت بڑھانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ یہ اس وقت ہوگا جب تنازع ختم ہوگا:

’تنازع اس وقت ختم ہوگا جب آپ اس مزاحمت کو مرکزی دھارے میں لائیں گے۔ وہ کن شرائط پر دھارے میں لاتے ہیں یہ پاکستان اور چین کا کام ہے۔‘

ایسی باتوں سے یہ خطرہ محسوس ہوتا ہے کہ کہیں پاکستان اب چین کا افغانستان میں سہولت کار تو نہیں بنے جا رہا؟ کیا اب وہ چین کو افغانستان میں بڑا رول دینا چاہ رہا ہے؟

پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ کے سینٹر مشاہد حسین سید کہتے ہیں کہ امریکہ نے اس خطے سے چلا جانا ہے تو اب علاقے کے فیصلے یہیں کہ لوگ کریں تو بہتر ہے۔

کانفرنس کے مندوبین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ انتہا پسندی، دہشت گردی، علیحدگی پسندی جیسے چیلنجوں کا مقابلہ باہمی طور پر تینوں ممالک کے مابین قریبی تعلقات کی بدولت ہی کیا جا سکتا ہے۔

اسی بارے میں