دبئی: مسافروں کے لیےگولڈ اور کیش انعامات

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption دنیا بھر میں سب سے زیادہ دبئی کے لوگوں کے پاس اپنی گاڑیاں ہیں اور صرف تیرہ فیصد لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کرتے ہیں

دبئی میں مسافروں کو پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کی ترغیب دینے کے لیے قیمتی انعامات کا اعلان کیا گیا ہے۔

گلف نیوز کی ویب سائٹ کے مطابق امارات ٹرانسپورٹ اتھارٹی یکم نومبر کو پبلک ٹرانسپورٹ ڈے پر چار کلو گرام سونا بطور انعام ان مسافروں میں تقسیم کرے گی جو کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کریں گے۔

ان انعامات کا فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔ دبئی کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اہلکار ڈاکٹر یوسف العلی کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد عوام کو اپنی گاڑیوں کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کی جانب راغب کرنا ہے۔

گلف نیوز کے مطابق، دنیا بھر میں سب سے زیادہ دبئی کے لوگوں کے پاس اپنی گاڑیاں ہیں اور صرف تیرہ فیصد لوگ پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔

ان انعامات میں صرف سونا یا دیگر قیمتی زیورات ہی شامل نہیں بلکہ ایک لاکھ ستر ہزار پاؤنڈز کی انعامی رقم بھی تقسیم کی جائے گی۔ ان انعامات کے علاوہ اس سلسلے میں ایک ’سٹریٹ بال ٹورنامنٹ‘ کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں پہلا انعام دس ہزار درہم ہو گا۔

دبئی بس سٹیشن پر ایک باسکٹ بال میچ کا بھی انعقاد کیا گیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی باسکٹ بال کے سابق سٹار کھلاڑی کریم عبدالجبار ہوں گے۔

ان انعامات کے لیے ہونے والی قرعہ اندازی میں صرف ان ہی لوگوں کو شامل کیا جائے گا جن کی پاس دبئی کی پبلک ٹرانسپورٹ میں استعمال ہونے والا ٹریول کارڈ ہو گا۔

اسی بارے میں