امریکہ میں شدید برفانی طوفان سےمتعدد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption چوبیس گھنٹے میں سب سے زیادہ برفباری کا ریکارڈ بھی ٹوٹنے کا امکان ہے

امریکہ کی ریاست نیویارک میں برفانی طوفان کی وجہ سے کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ملک کی 50 ریاستوں میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا ہے۔

بفلو شہر اور اس کے گردو نواح میں بدھ کو پانچ فٹ برف پڑی ہے اور اس میں مزید اضافے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔

نیویارک میں پانچ افراد کی ہلاکت کی وجہ موسم کی خرابی کو قرار دیا جا رہا ہے۔ ایک شخص کار کے حادثے میں اور ایک کار میں پھنس کر ہلاک ہوا جبکہ تین افراد کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔

نیویارک کے علاوہ مشی گن اور نیو ہمپشائر سے بھی کم از کم دو افراد کے سخت موسم کی وجہ سے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption کئی جگہوں پر گاڑیاں کئی کئی فٹ برف میں پھنس گئیں

امریکہ بھر میں سنیچر سے اب تک طوفان کی وجہ سے 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

امریکہ کی 50 ریاستوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے گر گیا اور شدید موسمی حالات کی وجہ سے دوسری جگہوں سے بھی اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

بفلو شہر کی رہائشی لنڈا اوکلے کا کہنا تھا کہ وہ بڑی مشکل سے اپنے گھر سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خوش قسمتی سے برف ہٹا کر اپنے گھر کا دورازہ کھولنے میں کامیاب رہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ سوچ رہی تھیں کسی ہنگامی حالت میں وہ بس گھر سے کسی طرح نکلیں گی اور وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کر سکتی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بفلو شہر کو جانے والی کئی شاہراہیں بند ہیں

امریکہ کے کئی حصوں میں لوگ خراب موسمی حالات کی وجہ سے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

کئی جگہوں پر لوگ اپنے گاڑیوں میں پھنس گئے اور برفانی حالات اور تیز ہواؤں کی وجہ سے موٹروے پر حادثات ہوئے اور سکولوں کو بند کر دیا گیا۔

بدھ کو صرف ریاست نیویارک کی سڑکوں پر 100 سے زیادہ گاڑیاں پھنسنے کی اطلاعات ملی ہیں

نیاگرا یونیورسٹی کی خواتین کی باسکٹ بال ٹیم 30 گھنٹوں تک ایک سڑک پر پھنسی رہی اور انھیں وہاں سے امدادی کارکنوں نے نکالا۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے نیشنل گارڈ کے سو سے زیادہ اہلکاروں کو سڑکوں کو صاف کرنے اور برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے پر لگا دیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption نیویارک میں نیشنل گارڈز کے اہلکاروں کو بھی ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بلالیا گیا ہے۔

ریاست نیویارک کے کئی حصوں میں بدھ کو ریل گاڑیوں کی سروس بھی معطل رہی اور بفلو جانے والی کئی شاہراہوں کو بھی بند کر دیا گیا۔

امریکی محکمۂ موسمیات کے مطابق کچھ علاقوں میں ایک دن میں چھ فٹ چار انچ برف پڑنے کا ریکارڈ بھی ٹوٹ سکتا ہے۔

اسی بارے میں