ریو شہر کی سب سے بڑی اجتماعی شادی

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption شہر کی تاریخ کی یہ سب سے بڑی اجتماعی شادی تھی

برازیل کے معروف شہر ریو دی جینیرو میں تقریبا 2000 جوڑوں کی اتوار کو ایک ان ڈور سپورٹس کمپلکس میں شادی ہوئی جو شہر کی تاريخ کی سب سے بڑی اجتماعی شادی تھی۔

لاطینی امریکہ کے اس شہر میں مقامی انتظامیہ کی کوششوں کے نتیجے میں اب یہ سالانہ تقریب بن چکی ہے جس میں کم آمدن والے طبقے سے ایسے افراد کی امداد کی جاتی ہے جو اپنی شادی کے اخراجات نہیں اٹھا سکتے۔

یہ سینٹر ریو کے مشہور میركانا سٹیڈیم کے سامنے واقع ہے جہاں آنے کے لیے مقامی انتظامیہ کی جانب سے شادی کرنے والے جوڑوں اور ان کے مہمانوں کے لیے مخصوص ٹرینیں چلائی گئی تھیں۔

ایک اندازے کے مطابق سٹیڈیم میں اس موقعے پر تقریباً 12 ہزار افراد یکجا ہوئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اس تقریب کا نام ’آئی ڈو ڈے‘ یعنی ’ہاں مجھے قبول ہے‘ کا نام دیا گیا ہے

ان ٹرینوں میں شادی میں شریک ہونے والے مہمانوں کے ٹکٹ کا بندوبست بھی انتظامیہ کی جانب سے کیا گيا تھا۔

اس اجتماعی شادی کی تقریب میں شامل ہونے کے اہل وہ لوگ ہیں جن کی ماہانہ آمدنی ایک ہزار امریکی ڈالر سے کم ہو۔

اس اجتماعی تقریب کی صدارت رضاکارانہ طور پر سول ججوں نے کی، جبکہ مذہبی عیسائی رہنماؤں نے بھی رشتۂ ازدواج میں بندھنے والے جوڑوں کو دعائیں دیں۔

اس تقریب کا نام ’آئی ڈو ڈے‘ یعنی ’ہاں مجھے قبول ہے‘ کا نام دیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اجتماعی شادی کی تقریب میں شامل ہونے کے اہل وہ لوگ ہیں جن کی ماہانہ آمدنی ایک ہزار امریکی ڈالر سے کم ہو

اس تقریب میں کئی ایسے جوڑوں نے بھی باضابطہ شادی کی جو گذشتہ کئی سالوں سے ساتھ ساتھ رہ رہے تھے۔

ایک شادی کرنے والے شخص ایمرسن مورائس نے ایک اخبار او گلوبو کو بتایا: ’ہم صبح چھ بجے اٹھے، یہاں بہت سارے لوگ ہیں اور میرے خیال میں ہم ذرا دیر اور یہاں رکیں گے لیکن میں بہت خوش ہوں۔‘

مسٹر مورائس سنہ 2010 سے 31 سالہ اینا روزینجیلا کے ساتھ رہ ہے ہیں اور اس سال کےآغاز میں انھوں نے باضابطہ رشتۂ ازدواج میں بندھنے کا فیصلہ کیا۔

اسی بارے میں