بدھا کی توہین کے الزام میں تین افراد پر مقدمہ

تصویر کے کاپی رائٹ Philip Blackwood
Image caption یہ تصویر بار کے فیس بک صفحے پر شائع ہوتے ہی لوگوں نے آن لائن پر اس تصویر پر ناراضگی کا اظہار کیا

برما میں ایک نیوزی لینڈ اور دو برمی باشندوں پر بودھ مت کی توہین کے الزام میں مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔

یہ تینوں برما کے دارالحکومت میں ایک بار چلاتے ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انھوں نے شراب کی تشہیر کے لیے ایک اشتہاری پرچہ شائع کیا جس میں بدھا کو ہیڈ فونز پہنے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

یہ تصویر بار کے فیس بک صفحے پر شائع ہوتے ہی لوگوں نے آن لائن پر اس تصویر پر ناراضگی کا اظہار کیا۔

برما کے قانون کے مطابق مذہب کی توہین یا اسے نقصان پہنچانا غیر قانونی ہے۔ برما میں بودھ قوم پرستی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

وی گاسترو کے اس اشتہار میں دکھایا گیا ہے کہ بدھا کی آنکھیں بند ہیں اور انھوں نے ہیڈ فون پہنے ہوئے ہیں اور ان کے ارد گرد بہت سے رنگ ہیں۔

اس اشتہار کے ساتھ لکھے گئے الفاظ میں کہا گیا تھا کہ بے حساب شراب اور شیشہ سے بھرپور شام۔

گذشتہ ہفتے پولیس نے اس بار کو بند کر کے اس کے جنرل مینیجر 32 سالہ فلپ بلیک وڈ اور دو برمی باشندوں کو کو گرفتار کر لیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption برما کے قانون کے مطابق مذہب کی توہین یا اسے نقصان پہنچانا غیر قانونی ہے

یہ گرفتاریاں مذہب سے متعلق سرکاری ادارے کی جانب سے شکایت پر کی گئیں۔

اس مقدمے میں چھ ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے اور تینوں کو دو دو برس تک جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔

اس تصویر کو ہٹا کر اس جگہ معذرتی پیغام شائع کر دیا گیا ہے کہ اس تشہیر کا مقصد کسی مذہبی گروہ کی دل آزادی نہیں تھا۔

اسی بارے میں