’دنیا میں خوشی بڑھ رہی ہے‘

افریقہ تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سروے کے مطابق افریقہ سب سے خوش برِ اعظم ہے

65 ممالک میں 64,000 لوگوں پر کیے گئے سال کے آخر کے سروے کے بعد سامنے آیا ہے کہ دنیا میں خوشی بڑھ رہی ہے۔

مارکیٹنگ ریسرچ اور سروے کرنے والی تنظیم ون/گیلپ کے مطابق جن لوگوں نے سروے کا جواب دیا ان میں 70 فیصد اپنی زندگی سے مطمئن ہیں جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 10 گنا زیادہ ہے۔

فجی دنیا کا سب سے خوش ملک ہے جہاں 93 فیصد رہائشی اپنی زندگی سے مطمئن ہیں جبکہ 31 فیصد کے ساتھ عراق میں سب سے زیادہ ناخوش لوگ رہتے ہیں۔

سروے کے مطابق افریقہ سب سے خوش علاقہ ہے جہاں 83 فیصد لوگ کہتے ہیں کہ وہ یا تو خوش یا بہت ہی خوش ہیں۔

جبکہ مغربی یورپ سب سے کم خوش خطوں میں سے ایک ہے جہاں 11 فیصد لوگ اپنے آپ کو ناخوش یا بہت ہی زیادہ ناخوش کہتے ہیں۔

دنیا بھر میں 53 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ 2015 گزشتہ سال یعنی 2014 سے بہتر ہو گا۔

افریقہ میں تین چوتھائی افراد کو امید ہے کہ بہتری آئی گی جبکہ مغربی یورپ میں صرف 26 فیصد افراد ایسا سمجھتے ہیں۔

سروے میں نائجیریا سب سے زیادہ مثبت سوچ رکھنے والا ملک جبکہ لبنان سب سے زیادہ مایوس ملک سامنے آیا ہے۔