امریکہ: مزوری میں فائرنگ کے واقعات میں 8 ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Houston Herald
Image caption پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے چار افراد مسلح شخص کے رشتہ دار ہیں

امریکی ریاست مزوری میں ایک مسلح شخص کی جانب سے مختلف جگہوں پر فائرنگ کے واقعات سے 8 افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔

مسلح شخص نے بظاہر ان افراد کو ہلاک کرنے کے بعد اپنے کو گولی مار لی جس کی لاش شینن کاؤنٹی میں ایک گاڑی کے پاس سے ملی۔

اس مسلح شخص کا نام پولیس کے مطابق جوزف جیسی آلڈریج ہے اور ہلاک ہونے والے چار افراد کی شناخت ان کے کزنز کے طور پر ہوئی ہے۔

جنوب مزوری کے ٹائرون علاقے میں ہونے والے فائرنگ کے ان واقعات کے بعد پولیس نے چھ مختلف مقامات سے مرنے والوں کی لاشیں برآمد کی ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں سے گیرلڈ آلڈریج اور ان کی اہلیہ جولی این آلڈریج اور ہیرلڈ آلڈریج اور ان کی اہلیہ جینل شامل ہیں جبکہ جوزف کی والدہ کی لاش بھی ملی جن کی موت تحقیقات کے مطابق طبعی وجوہات سے واقع ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سارا خاندان 5 مربع کلومیٹر کے علاقے میں ایک دوسرے کے قریب قریب رہتا تھا۔

پولیس کے مطابق انہیں ایک نوجوان خاتون نے جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق رات 22.15 بجے پر ٹیکساس کے شیرف کے دفتر کال کر کے بتایا کہ ان کے گھر کے پاس واقع ایک گھر سے گولیاں چلنے کی آواز سنائی دے رہی ہے۔’

بعد میں پولیس کو اس گھر سے چار لاشیں ملیں اور مزید ہلاک شدگان بعد میں تلاش کے نتیجے میں ملے۔

پولیس نے زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کیا ہے اور باقی تین افراد کے نام اُن کے خاندان کو مطلع کرنے تک صیغۂ راز میں رکھے ہیں۔

اسی بارے میں