فلوریڈا میں فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ ،11 فوجی لاپتہ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption علاقے میں خراب موسم کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں

امریکی ریاست فلوریڈا میں تربیتی مشقوں کے دوران ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے گرنے کے بعد اس پر سوار 11 فوجیوں کی تلاش جاری ہے۔

یہ حادثہ ایلین فضائی اڈے پر ہونے والی ایک رات کی تربیتی مشق کے دوران ’پینسا کولہ‘ کے علاقے کے قریب پیش آیا۔

ایلین فضائی اڈے کے ترجمان کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر ڈیسٹن کے قریبی ہوائی اڈے سے اڑا تھا اور مقامی وقت کے مطابق رات 8:30 بجے اس کی گمشدگی کی اطلاع ملی تھی اور کچھ دیر بعد اس کا ملبہ بھی مل گیا تھا۔

اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر فوجی اہلکار نے خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر پر سوار گیارہ فوجیوں کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ہلاک ہوگئے ہیں۔

علاقے میں خراب موسم کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

اس بارے میں معلوم نہیں ہوسکا کہ حادثے کے وقت موسم کیسا تھا۔

ترجمان کے مطابق مشق میں حصہ لینے والا دوسرا ہیلی کاپٹر بہ حفاظت واپس فضائی اڈے پر پہنچ گیا ہے۔

خیال رہے کہ دونوں طیارے ہیمنڈ، لوزیانا میں 1-244 ہیلی کاپٹر بٹالین میں تعینات تھے۔

گیارہ فوجیوں میں سے 7 کا تعلق بحریہ اور 4 کا بری فواج سے تھا۔

لاپتہ افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔

کہا جاتا ہے کہ اس علاقے کا ساحل سمندر، پانی اور خلیج فوجی مشقوں کے لیے موزوں ترین ہے۔