ڈیٹروئیٹ: فریزر سے دو بچوں کی لاشیں برآمد

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption جن بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں انہیں تقریبا ایک برس سے پڑوسیوں نے نہیں دیکھا تھا

امریکی ریاست میشیگن کے گنجان آباد شہر ڈیٹروئیٹ میں پولیس نے ایک گھر میں فریزر سے دو بچوں کی لاشیں برآمد کی ہیں جس کے بعد بچوں کی ماں کو گرفتار کر لیاگیا ہے۔

عدالتی حکام منگل کو جس وقت گھر کو خالی کرا رہے تھے اس وقت انہیں فریزر سے گیارہ سالہ لڑکے اور چودہ سالہ لڑکی کی لاشیں ملیں۔

پولیس نے اس خاتون کی شناخت واضح نہیں کی ہے لیکن بتایا ہے کہ دونوں لاشیں ایک ہی پلاسٹک بیگ میں لپٹی ہوئی تھیں۔

اسی خاتون کے دو اور بچے جن کی عمر گیارہ اور سترہ سال ہے ایک پڑوسی کے گھر سے ملے ہیں جنہیں حفاظتی تحویل میں لے ليا گيا ہے۔

بچوں کی ہلاکت کی وجوہات جاننے کے لیے ان کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہونا ہے۔

ڈیٹروئیٹ کے پولیس چیف جیمس کریگ نے اسے ایک ہولناک واقعہ قرار دیا ہے۔

ٹوری چائلڈ نامی ایک پڑوسی نے خبر رساں ایجنسی ایسویٹیڈ پریس کو بتایا کہ ہلاک شدہ دونوں بچوں کو انھوں نے تقریباً ایک برس سے نہیں دیکھا ہے۔

پڑوسیوں نے یہ بھی بتایا کہ بچوں کی چھتیس سالہ ماں نے تین ماہ سے اپنے تین بیڈ روم والے گھر کا کرایہ نہیں ادا کیا تھا اور ان کو بعض مشکل حالات کا سامنا تھا۔