بحیرۂ روم میں ایک اور کشتی سے مدد کی اپیل

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ شمالی افریقہ سے مالٹا اور اٹلی کی جانب جانے والا سمندری راستہ مہلک ترین راستہ بن چکا ہے

پناہ گزینوں کے عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ اسے بحیرۂ روم میں ایک کشتی سے مدد کی درخواست ملی ہے جس پر 300 تارکین وطن سوار ہیں۔

ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تقریباً 20 لوگوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔

کال کرنے والے کا کہنا تھا کہ عالمی سمندر میں کم از کم تین کشتیوں کی ضرورت ہے۔

افریقہ سے یورپ پہنچنے کے لیے کوشاں تارکینِ وطن کی بحیرۂ روم میں ہلاکتوں کے واقعات میں اضافے کے بعد اس معاملے پر یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس پیر کو لکسمبرگ میں منعقد ہو رہا ہے۔

یہ اجلاس اس اختتامِ ہفتہ لیبیا کے ساحل کے نزدیک سینکڑوں تارکین وطن کے ڈوبنے کے بعد بلایا گیا ہے۔

یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ فیڈریک مغیرنی کا کہنا ہے کہ بحیرۂ روم میں تارکین وطن کے بحران کے سلسلے میں کارروائی کرنا یورپ کی ذمہ داری ہے۔

جنوبی یورپ کے کئی ممالک کا موقف ہے کہ یہ ہلاکتیں یورپی یونین کی ساکھ کے لیے بہت بڑا خطرہ ہیں کیونکہ یورپی ممالک کی تنظیم نے ہی گذشتہ برس تارکینِ وطن کی حوصلہ شکنی کے لیے بحیرۂ روم میں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں محدود کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بحیرۂ روم میں کشتی ڈوبنے سے 650 افراد کی ہلاکت کا خدشہ

’غیر قانونی تارکینِ وطن کو خطرناک سفر سے روکنے کے لیے اقدمات کریں‘

ادھر اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ شمالی افریقہ سے مالٹا اور اٹلی کی جانب جانے والا سمندری راستہ مہلک ترین راستہ بن چکا ہے اور ان پانیوں کی نگرانی کے لیے ایک تلاش اور بچاؤ کی صلاحیت رکھنے والی مستعد مہم درکار ہے۔

رواں سال کے دوران اس سمندر میں کشتیاں ڈوبنے سے ہلاک ہونے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کی تعداد اندازاً 1500 تک پہنچ چکی ہے۔

اس سلسلے میں تازہ ترین حادثہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب لیبیا کے ساحل سے 27 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا اور ڈوبنے والی کشتی کے 700 مسافروں میں سے اب تک صرف 28 کو ہی بچائے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔

امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں مرنے والوں کی درست تعداد شاید کبھی معلوم نہ ہو سکے کیونکہ کشتی اب سمندر کی تہہ میں ہے اور اطلاعات کے مطابق انسانی سمگلروں نے اس پر سوار بہت سے افراد کو نچلے حصے میں بند کیا ہوا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY
Image caption زیادہ سے زیادہ امدادی کشتیاں مسئلے کا حل نہیں ہیں بلکہ ہمیں کشتیوں کو وہاں روکنا ہے جہاں سے وہ اپنا سفر شروع کرتی ہیں: میتیو رینزی

اس حادثے کے بعد اٹلی نے ایک بار پھر یورپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی سمگلنگ روکنے کے لیے فوری طور پر اقدامات کرے۔

اٹلی کے وزیراعظم میتیو رینزی نے اتوار کو یورپی یونین کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ ’ہمارے براعظم میں طاعون‘ کی طرح ہے اور یہ یورپی ممالک کی یک جہتی کے لیے پریشان کن ہے۔

لیبیا میں سیاسی بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ کے افراد کو وہاں سے سمندر کے راستے یورپ بھیج رہے ہیں۔

وزیراعظم میتیو رینزی نے کہا لیبیا کا مسئلے کا حل اہم ہے کیونکہ سمندر کے راستے اٹلی پہچنے والے 90 فیصد افراد اپنے سفر کا آغاز لیبیا سے کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زیادہ سے زیادہ امدادی کشتیاں مسئلے کا حل نہیں ہیں بلکہ ہمیں کشتیوں کو وہاں روکنا ہے جہاں سے وہ اپنا سفر شروع کرتی ہیں۔

انھوں نے یورپی یونین اجلاس بلانے کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ ’اس حادثے کو دیکھ کر یورپی ممالک میں وہ یک جہتی محسوس نہیں ہو رہی جو دوسرے معاملات پر نظر آتی ہے۔‘

میتیو رینزی نے کہا کہ ’ہم نے کہا ہے کہ انھیں اکیلا نہ چھوڑا جائے۔ خاص کر اُس وقت جب سمندر میں ہنگامی حالات ہوں لیکن ہمیں انسانی سمگلنگ روکنا ہو گی۔‘

انھوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ’ہمارے براعظم میں طاعون ہے، اور یہ 21ویں صدی کی غلامی ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption گذشتہ برس افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات اور غربت سے تنگ آ کر ایک لاکھ 70 ہزار افراد نے غیرقانونی طور پر اٹلی کا رخ کیا

اس سے قبل اطالوی کوسٹ گارڈ کے ترجمان نے بتایا تھا کہ تارکینِ وطن سے بھری مچھلیاں پکڑنے کے لیے استعمال ہونے والی کشتی لبییا کے ساحل سے 27 کلومیٹر اور اطالوی ساحل سے 210 کلومیٹر دور ڈوبی۔

ایسی اطلاعات ہیں کہ کشتی اس وقت ڈوبی جب ایک تجارتی جہاز کو قریب دیکھ کر کشتی کے زیادہ تر مسافر ایک جانب جمع ہوگئے جس سے اس کا توازن بگڑا اور وہ الٹ گئی۔

کوسٹ گارڈ کے ترجمان کے مطابق ابھی یہ تلاش اور بچاؤ کا آپریشن ہے مگر بعد میں لاشوں کی تلاش کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔

حالیہ دنوں میں بحیرۂ روم پار کرنے کی کوشش کرنے والے تقریباً دس ہزار تارکین وطن کو بچایا بھی گیا ہے اور اٹلی نے اس بحران سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین سے مزید مدد مانگی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس افریقہ اور مشرقِ وسطیٰ میں تنازعات اور غربت سے تنگ آ کر ایک لاکھ 70 ہزار افراد نے غیرقانونی طور پر اٹلی کا رخ کیا تھا۔

موسم میں بہتری کے ساتھ ہی رواں برس ایسے افراد کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے جو 500 کلومیٹر کے اس سمندری سفر پر نکلے ہیں۔

بحیرہ روم کے راستے آنے والے تارکین وطن

13,500

تارکین کو 10 اور 17 اپریل کے درمیان بچایا گیا

1,600

کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ بحیرہ روم عبور کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے

  • 35,000 تارکین وطن 2015 میں شمالی افریقہ سے یورپ پہنچے

  • 218,000 تارکین وطن 2014 میں شمالی افریقہ سے یورپ پہنچے

  • 3,500 تارکین وطن گذشتہ برس یورپ پہنچنے کی کوشش میں ہلاک ہوئے

AFP

اسی بارے میں