مسیسپی میں فائرنگ میں دو پولیس اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption پولیس کے مطابق 29 سالہ مارون بینکس اور 22 سالہ جونی کیلووے کو اہلکاروں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے

امریکی ریاست مسیسپی میں پولیس کا کہنا ہے کہ دو پولیس اہلکاروں کو ہفتے کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا ہے۔

پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ جون ٹریکسلر کا کہنا ہے کہ بنجامن ڈین اور لکری ٹیٹ کو ہیٹسبرگ میں نشانہ بنایا گیا۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے دونوں اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا سکے۔

اس واقعے کے بعد تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق 29 سالہ مارون بینکس اور 22 سالہ جونی کیلووے کو اہلکاروں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ترجمان نے امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ مارون بینکس نے فائرنگ کے بعد پولیس کی گاڑی میں فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔

’بینکس زیادہ دور نہیں گیا اور کچھ ہی فاصلے پر پولیس کی گاڑی چھوڑ دی۔‘

ترجمان کے مطابق مارون بینکس کے چھوٹے بھائی کرٹس بینکس کو بھی اپنے بھائی کی مدد کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے ایک گاڑی کو روکا۔

تاہم پولیس ترجمان کا کہنا ہے ’معلومات کے مطابق ٹریفک لائٹ پر رکے ہوئے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔‘

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب ایک ہفتہ قبل ہی نیو یارک میں ایک پولیس اہلکار کو ہلاک کیا گیا ہے۔ 25 سالہ برائن مور ایک مشتبہ شخص سے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر پوچھ گچھ کر رہا تھا جب ان کے سر پر گولی ماری گئی۔

اسی بارے میں