ٹوئٹر پر امریکی صدر اوباما کا ذاتی اکاؤنٹ

تصویر کے کاپی رائٹ

وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے تصدیق کر دی ہے کہ امریکی صدر براک اوباما نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا اکاؤنٹ بنایا ہے۔

صدر اوبامہ کا ٹوئٹر ہینڈل POTUS@ ہے اور اکاؤنٹ بننے کے 24 منٹ کے اندر اندر ان کے فالوئرز کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی۔

اپنی پہلی ٹویٹ میں صدر اوبامہ نے لکھا ’ہیلو ٹوئٹر ، میں براک ہوں۔ جی واقعی۔ مجھے صدر بنے چھ سال ہوگئے ہیں اور بالاًخر انھوں نے مجھے میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ دے دیا ہے‘۔

صدر اوباما کی سرکاری ٹوئٹر فیڈ پر ان کے فالوئرز کی تعداد چھ کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

سنہ 2007 میں BarackObama@ کے نام سے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ کا آغاز ہوا تھا اور صدر اپنے نام کے پہلے حروف BO کے ساتھ خود اپنی ٹویٹس لکھتے رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ کے بلاگ پر ایک انٹری میں درج ہے ’ POTUS@ ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے صدر اوباما براہِ راست امریکی عوام سے رابطے میں رہیں گے اور تمام ٹویٹس ان کی اپنی لکھی ہوئی ہوں گی۔‘

’صدر اوبامہ اپنی انتظامیہ کو تاریخ کی سب سے زیادہ کھلی اور عوامی شرکت والی انتظامیہ بنانے کی کوشش میں مصروف ہیں اور POTUS@ امریکیوں کو ایسے معاملات پر صدر سے مربوط رکھنے کی راہ فراہم کرے گا جو ان لوگوں کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔‘

فی الوقت صدر اوبامہ خود پینسٹھ افراد کو فالو کر رہے ہیں جن میں بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش اور FLOTUS@ شامل ہے جو امریکی خاتونِ اول کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہے۔

تاہم وہ اپنی وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن، برطانوی وزیرِاعظم ڈیوڈ کیمرون اور جارج بش جونیئر کو فالو نہیں کر رہے۔