جان کیری سائیکل سےگر کر ٹانگ تڑوا بیٹھے

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption جان کیری کو سائیکلنگ کا بہت شوق ہے اور وہ ہر دورے پر اپنی سائیکل لے کر جاتے ہیں

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا کے ایک ہسپتال کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ فرنچ ایلپس میں سائیکلنگ کرتے ہوئے گرنے کے باعث امریکی وزیر خارجہ جان کیری کی ٹانگ ٹوٹ گئی ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جان کیری کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

یہ حادثہ فرانس کے اس علاقے میں پیش آیا جو سوئٹزرلینڈ اور فرانس کی سرحد سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

اس حادثے کے بعد امریکی وزیر خارجہ کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے جنیوا کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

وہ سوئٹزرلینڈ میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے حوالے سے آئے ہوئے تھے۔

انھیں پیر کو ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کے لیے میڈرڈ بھی جانا تھا۔

جان کیری کے ترجمان جان کربی کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں جان کیری ہوش ہی میں رہے۔

جان کیری کو سائیکلنگ کا بہت شوق ہے اور وہ ہر دورے پر اپنی سائیکل ساتھ لے کر جاتے ہیں۔

اسی بارے میں