جارجیا میں سیلاب، جانور سڑکوں پر نکل آئے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں حکام نے شدید سیلاب کے بعد چڑیا گھر سے بھاگنے والے جانوروں سے محفوظ رہنے کے لیے وہاں کے رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی تنبیہ کی ہے۔

سیلاب کے نتیجے میں اب تک آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں چڑیا گھر کا نگران بھی شامل ہے۔

چڑیا گھر سے بھاگنے والے جانوروں میں شیر، چیتے، ریچھ اور بھیڑیے شامل ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

ایک دریائی گھوڑے کو شہر کے مرکزی چوراہے پر بے ہوش کرنے والی بندوق سے نشانہ بنا کر پکڑ لیا گیا ہے۔ جبکہ دوسرے جانوروں میں سے بھی کچھ کو پکڑ لیا گیاہے یا مار دیا گیا ہے۔

تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ مزید کتنے جانور لاپتہ ہیں۔

ہیلی کاپٹروں کے ذریعے شہر میں امدادی کارروائیوں اور تلاش کا عمل جاری ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

امدادی کارکن زیر آب آنے والے گھروں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو تلاش کر رہے ہیں۔

اس سیلاب کی وجہ سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور درجنوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔

شہر کے میئر ڈیوت نارمانیا کا کہنا ہے کہ ’اس وقت صورتحال بہت خراب ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

تبلیسی کے نائب میئر ایراکلے لیکویناڈزے کا کہنا ہے کہ ابتدائی اندازے کے مطابق ابھی تک ایک کروڑ ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔

اسی بارے میں