زہریلے مادے والی مال گاڑی کو حادثہ، ہزاروں افراد کا انخلا

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption 57 بوگیوں والی یہ ٹرین ریاست اوہایو سے ریاست جورجیا جا رہی تھی اور اس پر متفرق سامان لدا ہوا تھا

امریکی ریاست ٹینیسی میں زہریلا مادہ لے جانے والی مال گاڑی کے الٹنے اور اس میں آتشزدگی کے بعد پانچ ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

یہ حادثہ نوکس ویل نامی شہر کے نواح میں میریویل نامی آبادی کے قریب پیش آیا اور حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کی ایک بوگی پر ایکریلونیٹرائل نامی جلد آگ پکڑنے والا مادہ لدا ہوا تھا۔

ٹرین چلانے والی نجی کمپنی سی ایس ایکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 57 بوگیوں والی یہ ٹرین ریاست اوہایو سے ریاست جورجیا جا رہی تھی اور اس پر متفرق سامان لدا ہوا تھا۔

آگ بجھانے کے عملے نے زہریلے دھوئیں سے متاثر ہونے کے خدشے کی وجہ سے جائے حادثہ کے اردگرد دو میل کے رقبے میں رہائش پذیر افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

مقامی آبادی کو بتایا گیا ہے کہ انھیں 48 گھنٹے تک عارضی پناہ گاہوں میں قیام کرنا پڑ سکتا ہے۔

میریویل کی پولیس کا کہنا ہے کہ ان افراد کی منتقلی کے عمل کے دوران سات پولیس اہلکار دھوئیں سے متاثر ہوئے اور انھیں ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

آتشزدگی اور زہریلے دھوئیں کی وجہ بننے والا ایکریلونیٹرائل پلاسٹک کی اشیا کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے اور اس کے دھوئیں سے انسان سر درد، متلی اور گردوں میں تکلیف کا شکار ہو سکتا ہے۔