سیاہ فام خاتون کی زیرِ حراست موت، گرفتاری کی ویڈیو جاری

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption منگل کے روز ضلعی استغاثہ نے کہا تھا کہ جیل میں ہونے والی تمام اموات کی طرح اسے بھی بطور ایک قتل زیرِ تفتیش لایا جائے گا

امریکی ریاست ٹیکساس میں حکام نے پولیس کی ایک گاڑی میں نصب کیمرے سے بنائی گئی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک سیاہ فام خاتون کی گرفتاری دیکھی جا سکتی ہے۔

سینڈرا بلینڈ نامی یہ خاتون اس گرفتاری کے تین روز کے بعد انتقال کر گئیں اور حکام ان کی موت کی تفتیش کر رہے ہیں۔

10 جولائی کی اس گرفتاری کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سینڈرا بلینڈ کو سڑک پر اپنی لائن تبدیل کرتے وقت گاڑی کا اشارہ نہ دینے پر روکا گیا اور پھر پولیس اہلکار کے ساتھ بے جا بحث کرنے کی وجہ سے ان کا چالان کیا گیا۔

ان کی موت کے بارے میں میڈیکل افسر کا کہنا تھا کہ انھوں نے پولیس کی حراست میں خودکشی کی تاہم ان کے خاندان والوں نے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کی موت کی تفتیش میں ریاستی اور وفاقی ادارے تفتیش کر رہے ہیں۔

پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے سینڈرا بلینڈ کا چالان کیا اور پھر انھیں سگریٹ بجھانے کے لیے کہا جس پر انھوں نے انکار کیا۔

جب سینڈرا نے گاڑی سے اترنے سے انکار کیا اور پولیس اہلکار نے زبردستی انھیں باہر نکالنے کی کوشش کی۔ اہلکار نے پھر انھیں ٹیزر سے دھمکایا اور کہا کہ میں تمھیں آگ لگا دوں گا۔

سینڈرا گاڑی سے نکلتی ہیں اور پھر دونوں کیمرے کی نظر سے باہر ہو جاتے ہیں تاہم ان کی آواز سنی جا سکتی ہے۔ ان آوازوں کی بنا پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ دیگر افسران کے جائے وقوع پر پہنچنے سے پہلے دونوں کے درمیان ہاتھاپائی شروع ہوگئی۔

پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ سینڈرا نے پہلے ان پر حملہ کیا۔ اہلکار کو وقتی طور پر معطل کیا گیا ہے۔

جاری کی گئی ویڈیو کے تسلسل میں خلل کی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسے جاری کرنے سے پہلے اس کی کاٹ چھانٹ کی گئی ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹوں پر بہت سے شہریوں نے اس ویڈیو کی درستگی پر سوال اٹھائے ہیں۔

اس سے قبل منگل کے روز ضلعی استغاثہ نے کہا تھا کہ جیل میں ہونے والی تمام اموات کی طرح اسے بھی بطور ایک قتل زیرِ تفتیش لایا جائے گا۔

28 سالہ سینڈرا کا انتقال ان چند اموات میں سے ایک ہے جن میں پولیس کی حراست میں کوئی سیاہ فام شخص ہلاک ہو گیا ہو۔ ملک میں ایسے واقعات پرگہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ ان میں گذشتہ موسمِ سرما میں شہر فرگوسن میں مائیکل براؤن کا کیس بھی شامل ہے جس کے بعد احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

اسی بارے میں