’جہاز کا ملبہ ممکنہ طور پر ایم ایچ 370 کا ہوسکتا ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ماہرین کے مطابق تمام ہوائی جہازوں پر ایک خاص نمبر ہوتا ہے جس سے شناخت کرنے میں مدد ملتی ہے

ایک اہم آسٹریلوی اہلکار کا کہنا ہے کہ بحر ہند کے ری یونین جزیرے سے ملنے والا جہاز کا ملبہ ممکنہ طور پر ملائیشیا کے لاپتہ جہاز ایم ایچ 370 کا ہوسکتا ہے۔

جہاز کے ملبے کی تلاش کرنے والی آسٹریلین ٹیم کے سربراہ مارٹن ڈولن نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ بحر ہند کے جنوبی علاقے میں ’صحیح مقام‘ پر تلاش کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بدھ کو بحرِ ہند سے ملنے والا دو میٹر لمبا مبینہ بوئنگ 777 جہاز کا پر تجزیے کے لیے فرانس بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ مارچ سنہ 2014 میں کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہونے والے اس طیارے میں اس وقت 239 مسافر سوار تھے۔

آسٹریلین ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے سربراہ مارٹن ڈولن نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ’اس حوالے سے اعتماد بڑھ رہا ہے کہ ملنے والے ملبے کا تعلق 777 جہاز سے ہی ہے۔‘

اس سے قبل ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ کہ بحرِ ہند کے جزیرے سے ملنے والے جہاز کے ملبے کو فرانس بھجوایا جا رہا ہے تاکہ تعین کیا جاسکے کہ یہ ملبہ ملائیشیا کے جہاز ایم ایچ 370 کا ہے یا نہیں۔ وزیر اعظم نجیب رزاق نے کہا فرانسیسی حکام اس ملبے کو جنوبی شہر تولوز لے کر جائیں گے جہاں اس بات کا جلد سے جلد پتہ لگانے کی کوشش کی جائے گی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بحرِ ہند سے ملنے والا دو میٹر لمبا مبینہ بوئنگ 777 جہاز کا پر تجزیے کے لیے فرانس بھیجا جائے گا

ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے تفتیش کاروں کی ایک ٹیم کے علاوہ حکومتی نمائندے اور ایئر لائن کی ایک ٹیم بھی تولوز جا رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمیں اس بارے میں جیسے ہی مزید معلومات کی تصدیق ہو گی ہم اسے عوام کے سامنے پیش کر دیں گے۔

بدھ کو بحرِ ہند سے ملنے والے جہاز کے ملبے کی تصاویر کے بارے میں ایوی ایشن کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ملبہ بظاہر بوئنگ 777 کا دکھائی دیتا ہے۔

ماہرین کے مطابق تمام ہوائی جہازوں پر ایک خاص نمبر ہوتا ہے جس سے شناخت کرنے میں مدد ملتی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق جمعرات کو ایک میونسپل ورکر کو ری یونین کے ساحل سے ایک تباہ شدہ سوٹ کیس ملا تھا۔

یہ سوٹ کیس سینٹ آندرے کے قریب سے ملا تھا اور یہ وہی جگہ ہے جہاں اس سے پہلے جہاز کا ملبہ ملا تھا۔

اسی بارے میں