امریکی ایئرلائن کی بڑے شکار کی شپمنٹ پر پابندی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ایئرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب شیر، گینڈے، چیتے، ہاتھی یا جنگلی بھینس کی باقیات نہیں لے جائے گا

امریکی ایئرلائن ڈیلٹا نے زمبابوے میں ’سیسل‘ نامی شیر کی ہلاکت پر ہونے والی بین الاقوامی تنقید کے بعد بڑے جانوروں کی شپمنٹ پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ایئر لائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب شیر، گینڈے، چیتے، ہاتھی یا بھینس کی باقیات نہیں لے جائے گی۔

امریکی ایئر لائن ڈیلٹا نے اپنے اس فیصلے کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی ہے۔

امریکی ایئر لائن ڈیلٹا کی متعدد افریقی شہروں تک براہ راست پروازیں جاتی ہیں اور انٹرنیٹ پر لوگوں نے اسے اس طرح کی شپمنٹ کی پابندی عائد کرنے کی اپیل کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست منی سوٹا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر والٹر پامر نے ’سیسل‘ نامی مشہور شیر کو جولائی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

زمبابوے ’سیسل‘ کی ہلاکت کے سلسلے میں امریکہ سے والٹر پامر کو اپنے حوالے کیے جانے کے لیے کوشاں ہے۔ اس کے علاوہ وہ پینسلوینیا کے ڈاکٹر جین کاسمر سیسکی کو بھی اپنے ملک کے حوالے کیے جانے کی کوشش کر رہا ہے، کیونکہ ان پر بھی اپریل میں ایک شیر کو مارنے کا الزام ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Ronna Tom
Image caption زمبابوے کے ہوانگے نیشنل پارک میں رہنے والا شیر سیسل سیاحوں کے لیے زبردست دلکشی کا سبب تھا

کہا جاتا ہے کہ والٹر پامر نے ’سیسل‘ کے شکار کے لیے تقریباً 50 ہزار ڈالر ادا کیے تھے۔

زمبابوے کے ہوانگے نیشنل پارک میں رہنے والا یہ شیر سیاحوں کے لیے دلکشی کا باعث تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا خیال تھا یہ شکار قانونی ہے اور وہ سیسل کے زیرِ تحفظ ہونے کے بارے میں آگاہ نہیں تھے۔

امریکی ڈاکٹر والٹر پامر کو انٹرنیٹ پر سیسل کو ہلاک کرنے کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا بھی رہا ہے۔

ڈیلٹا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اعلان کے متعلق صحافیوں کے سوالوں کے جواب نہیں دے گا اور نہ ہی وہ یہ بتائے گا کہ اس نے حالیہ برسوں میں کتنے شکاروں کو ٹرانسپورٹ کیا ہے۔

کمپنی نے ایک مختصر بیان میں کہا ہے کہ ڈیلٹا باضاطہ طور پر شیر، چیتے، ہاتھی، گینڈے اور بھینسے کے سروں کے دنیا بھر میں ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرتا ہے اور یہ فوری طور پر نافذ العمل ہے۔‘

خیال رہے کہ ڈیلٹا کا یہ اعلان اس وقت آيا ہے جب کئی دیگر ایئر لائنز نے یہ عندیہ دیا کہ وہ اب شکار کیے ہوئے جانوروں کی شپمنٹ کو روکنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

اسی بارے میں