طویل ترین عرصے تک حکمراں رہنے والی ملکہ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم نو ستمبر کو برطانیہ کی تاریخ کی طویل ترین عرصے تک حکمراں رہنے والی ملکہ بن جائیں گی۔

وہ اپنی پرنانی ملکہ وکٹوریہ کے 63 سال اور 216 دن مسلسل ملکہ رہنے کے ریکارڈ کو توڑ دیں گی۔

اس موقعے کو یادگار بنانے کے لیے شاہی ٹیکسال نے ملکہ برطانیہ کے 63 سالہ دور کی پانچ تصاویر پر مبنی ایک سکہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس یادگاری سکے کی مالیت 20 پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

اس سے قبل رواں سال کے شروع میں ملکہ برطانیہ کی پانچویں تصویر کو ان سکوں پر جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سکے پر ملکہ برطانیہ پہلے سے زیادہ بوڑھی دکھائی دیتی ہیں۔

سکے کے مخففات

کیا آپ نے کبھی برطانیہ کے پاؤنڈ والے سکے میں ’آئی آر بی‘ دیکھا ہے؟

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

’آئی آر بی‘ دراصل ایئن بینک براڈلی کا مخفف ہے جنھوں نے 1998 میں ملکہ برطانیہ کی تصویر کا ڈیزائن بنایا تھا۔

برطانیہ میں جاری ہونے والے نئے سکے پر آپ ’جے سی‘ کا مخفف دیکھ سکیں گے جو ڈیزائنر جوڈی کلارک کا مخفف ہے۔

جوڈی کلارک کا کہنا ہے کہ نئے سکے میں ملکہ برطانیہ کے سر کے اوپر ڈی جی آر ای جی ایف ڈی یا ’ڈے گریشیا ریجینا‘ لکھا جائے گا۔ اس کا مطلب لاطینی زبان میں ’بائی دی گریس آف گاڈ، کوئین‘ ہے، یعنی ’ملکہ، خدا کے فضل سے۔‘

ایف ڈی ’فیڈے ڈیفینسر‘ کا مخفف ہے اور یہ بھی لاطینی زبان کا محاورہ ہے جس کا مطلب ’ڈیفینڈر آف دی فیتھ‘ یعنی ’مذہب کی محافظ‘ ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ملکہ برطانیہ چرچ آف انگلینڈ کی سپریم گورنر بھی ہیں۔

اسی بارے میں