خاتون کی آنتوں سے تین لاکھ ڈالر کا ہیرا برآمد

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY IMAGES
Image caption خاتون نے پہلے چوری سے انکار کیا لیکن اس کا ایکسرے کیا گیا جس سے ظاہر ہو گیا کہ ہیرا اس کے جسم کے اندر ہے

ایک چینی خاتون کی آنتوں سے ’آپریشن‘ کے بعد تین لاکھ ڈالر کا ہیرا برآمد کر لیا گیا ہے۔ شبہ تھا کہ اس خاتون نے یہ ہیرا تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں چرایا تھا۔

خیال ہے کہ یہ خاتون ہیرے کو نگل گئی تھی تاکہ اسے ملک سے باہر سمگل کیا جا سکے۔ خاتون نے مبینہ طور پر چھ قیراط کا یہ ہیرا جمعرات کو ہیروں کے ایک میلے سے چوری کیا تھا اور اسے ایک نقلی نگینے سے بدل دیا تھا۔

تاہم سکیورٹی کیمروں نے اس منظر کو فلم بند کر لیا اور یہ خاتون بنکاک کے ہوائی اڈے سے گرفتار کر لی گئی۔ خاتون کے ساتھ سفر کرنے والے ایک مرد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے پہلے چوری سے انکار کیا لیکن اس کا ایکسرے کیا گیا جس سے ظاہر ہو گیا کہ ہیرا اس کے جسم کے اندر ہے۔

اسے جلاب دیا گیا لیکن جب یہ طریقہ کارگار نہ ہوا تو ایک ٹیوب کے ذریعے خاتون کی بڑی آنت کا معائنہ کیا گیا اور پھر ہیرے کو نکال لیا گیا۔

اخبار ’بنکاک پوسٹ‘ نے پولیس کے میجر جنرل سنت مہاتھاورن کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس آپریشن میں 12 منٹ لگے اور اب ہیرا نگلنے والی خاتون ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔

اسی بارے میں