بینکاک دھماکے کا مرکزی ملزم ترکی فرار: تھائی پولیس

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption گذشتہ ماہ بینکاک میں ایراون مندر پر ہونے والے بم حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے

تھائی لینڈ کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے دارالحکومت بینکاک میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث کلیدی ملزم ترکی فرار ہوگیا ہے۔

پولیس کا خیال ہے کہ چین کے صوبے سنکیانگ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ عبدلستائر عبدالرحمان عرف ایشان بنکاک میں ہونے والے دھماکے کا ماسٹر مائنڈ ہے اور وہ اس وقت ترکی کے درالحکومت استنبول میں موجود ہے۔

گذشتہ ہفتے تھائی حکام نے عبدلستائر عبدالرحمان عرف ایشان کے وارنٹ گرفتار بھی جاری کیے تھے۔

اس قبل ملائشیا میں پولیس نے بینکاک میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ایک پاکستانی اور دو ملائشین شہریوں کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس چیف خالد ابوبکر کا کہنا تھا کہ انھیں کچھ روز قبل حراست میں لیا گیا تھا اور وہ تفتیش میں معاونت کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بینکاک میں ایراون مندر پر ہونے والے بم حملے میں 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

تھائی پولیس نے بھی دو افراد کو گرفتار کیا تھا اور انھیں تیسرے شخص کی تلاش ہے۔

خالد ابوبر نے پیر کے روز صحافیوں کو بتایا کہ تین مشتبہ افراد میں ایک پاکستانی، ایک ملائشین مرد اور ایک ملائشین خاتون شامل ہیں، جنھیں تھائی حکام کی جانب سے اطلاع دینے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان مشتنہ افراد کو تھائی لینڈ منتقل نہیں کیا جائے گا کیونکہ فی الحال ملائشین پولیس ان سے تفتیش کر رہی ہے۔

انھوں نے ان افراد کی حراست کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption تھائی حکام سنکیانگ سے تعلق رکھنے والے چینی شہری یوسفو مریلی کو گرفتار کر چکے ہیں

یاد رہے کہ 17 اگست کو ایراون مندر میں ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ یا فرد نے قبول نہیں کی تھی تاہم تھائی حکام نے اس کا الزام ایک نیٹ ورک پر عائد کیا تھا جس میں غیرملکی بھی شامل تھے۔

خیال رہے کہ تھائی حکام نے بم دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا جن میں آدام کرادگ اور سنکیانگ سے تعلق رکھنے والے چینی شہری یوسفو مریلی شامل ہیں۔

آدام کرادگ کا تعلق کس ملک سے ہے تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا۔

اسی بارے میں