ووکس ویگن کے چیف ایگزیکٹو مستعفی ہو گئے

تصویر کے کاپی رائٹ reuters
Image caption ووکس ویگن کے چیف ایگزیکٹیو مارٹن ونٹرکورن کے عہدے پر بھی قیاس آرائی کی جا رہی ہے

جرمن کمپنی ووکس ویگن کے چیف ایگزیکٹو مارٹن ونٹرکورن امریکہ میں کمپنی کی ڈیزل گاڑیوں کی آلودگی کی پیمائش سے متعلق سکینڈل کے بعد مستعفی ہوگئے ہیں۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ دنوں کے واقعات سے انھیں ’صدمہ پہنچا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’اپنے استعفے سے نئی شروعات کے لیے راہ ہموار کر رہے ہیں۔‘

ووکس ویگن کے ڈائریکٹرز نے سکینڈل کے بعد کمپنی کے اگلے قدم پر بات کرنے کے لیے بدھ کو ملاقات کی تھی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔

منگل کو ووکس ویگن کے امریکی کاروبار کے سربراہ نے تسلیم کیا تھا کہ ان کی کمپنی نے ایک سافٹ ویئر کی مدد سے گاڑیوں میں مضر صحت گیس کے اخراج کی سطح جانچنے کے طریقہ کار میں بددیانتی کی تھی۔

ووکس ویگن کی چوری پکڑی گئی: وڈیو رپورٹ

امریکہ میں ووکس ویگن کے خلاف تفتیش کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں کمپنی پر بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

کمپنی کا کہا ہے کہ اس کی بددیانتی سے عالمی سطح پر ایک کروڑ دس لاکھ گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں اور اس نے اپنی غلطی کے ازالے کے لیے ساڑھے چھ ارب یورو کا انتظام کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ونٹرکورن اس سکینڈل کے بعد جرمنی میں اپنے اہم سرمایہ کاروں کی حمایت کھو چکے تھے۔

ان کی کمپنی کے بارے میں انکشاف ہوا تھا کہ اس نے ڈیزل استعمال کرنے والی گاڑیوں میں ایسا سافٹ ویئر نصب کیا تھا جو ٹیسٹ کے دوران گاڑی سے نکلنے والے دھویں کو 40 گنا زیادہ صاف دکھاتا تھا۔ لیکن درحقیقت گاڑی سڑک پر مقررہ حد سے زیادہ دھواں خارج کرتی تھی۔

امریکہ میں ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ ای پی اے اور ریاست کیلیفورنیا کے فضائی آلودگی سے تحفظ کا ادارہ ان طریقہ ہائے کار کی تحقیقات کر رہا ہے کہ ووکس ویگن نے ڈیزل گاڑیوں سے خارج ہونے والی آلودگی کی پیمائش میں کیسے ردو بدل کیا۔

خبر رساں ادارے بلومبرگ اور اے ایف پی کے مطابق امریکہ کا محکمہ انصاف بھی اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے جس سے امکان ہے کہ کمپنی اور اس کے اعلیٰ افسران دونوں پر مجرمانہ الزامات عائد ہو سکتے ہیں۔

ووکس ویگن سکینڈل

14 ارب یورو

پیرکو ووکس ویگن کمپنی کی قدر میں کمی

  • 18 ارب ڈالر ممکنہ جرمانہ

  • 482,000 واپس منگوائی گئیں ڈیزل کاریں

  • 1 کار ساز کمپنیوں میں ووکس ویگن کا درجہ

اسی بارے میں