جورجیا میں 70 برس کے وقفے کے بعد پہلی سزائے موت

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption کیلی جزین ڈینر کے وکلا کا کہنا تھا کہ انھیں اپنے جرم پر پچھتاوا تھا اور وہ دیگر قیدیوں کی مدد کرتی تھیں

امریکی ریاست جورجیا میں 70 برس کے وقفے کے بعد پہلی بار کسی فرد کی سزائے موت پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔

47 سالہ مجرمہ کیلی جزینڈینر کو سزا نہ دینے کے لیے پوپ فرانسس کی اپیل سمیت متعدد اپیلیں سامنے آئیں لیکن اس کے باوجود انھیں سزائے موت دے دی گئی۔

مجرمہ پر اپنے شوہر کے قتل کی منصوبہ بندی کا جرم ثابت ہوا تھا۔

کیلی کے سابق محبوب گریگری اوئن نے ان کے شوہر ڈگلس جزینڈینر کو قتل کیا تھا لیکن دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کے بعد انھیں عمرقید کی سزا دی گئی ہے۔

حال ہی میں امریکہ کا دورہ کرنے والے پوپ فرانسس نے کیلی جزینڈینر کے کیس سے منسلک حکام سے ان کی سزائے موت پر نظر ثانی کرنے پر زور دیا تھا لیکن منگل کی دوپہر کو حکام نے اعلان کیا کہ وہ کیلی پر رحم نہیں کریں گے۔

مجرمہ کے وکلا نے سزا پر عمل درآمد سے چند گھنٹے قبل بھی سپریم کورٹ میں کم از کم تین اپیلیں جمع کروائی تھیں جنھیں رد کر دیا گیا۔

عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ مہلک انجکشن دیے جانے سے پہلے کیلی نے مذہبی گیت ’امیزنگ گرین‘ گایا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جزین ڈینر کی موت کا سن کر ان کے حمایت کا نے افسوس کیا

اخبار اٹلانٹا جرنل کانسٹیٹیوشن کے مطابق کیلی نے کہا ’آپ سب کا بھلا ہو۔ میری طرف سے جزینڈینر خاندان سے کہنا کہ مجھے بہت، بہت افسوس ہے کہ میری وجہ سے ایک اچھے انسان کی زندگی چلی گئی۔‘

منگل کے روز پوپ فرانسس نے جزینڈینر کی معافی کی اپیل ایک خط میں کی تھی جسے امریکہ میں ان کے سفارتی نمائندے آرچ بشپ کارلو ماریا ویگانوں نے لکھا تھا۔

آرچ بشپ نے لکھا کہ ان کا ارادہ جرم کی سنگینی کو کم ظاہر کرنے کا نہیں، لیکن انھوں نے حکام سے درخواست کی کہ وہ ’ایک ایسی سزا سنائیں جو انصاف اور رحم دونوں کا مظہر ہو۔‘

جزینڈینر کے وکلا نے حکام سے کہا کہ انھیں اپنے جرم پر پچھتاوا تھا اور وہ دیگر قیدیوں کی مدد کرتی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ بدل گئی تھیں۔

ڈگلس جزینڈینر کے اہل خانہ نے گذشتہ پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ کیلی کی سزا مناسب تھی۔

انھوں نے کہا ’کیلی کے دل میں کوئی رحم نہیں تھا۔ اس نے ڈگلس کو کوئی حق نہیں دیا، کوئی متبادل راستہ نہیں دیا اور نہ ہی اپنی زندگی جینے کا موقع دیا۔‘

اسی بارے میں