غزہ میں جھڑپیں، اسرائیلی فائرنگ سےدو فلسطینی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption گذشتہ ہفتہ کے دوران علاقے میں تشدد کے پے در پے کئی واقعات پیش آئے ہیں

اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے غزہ کے سرحدی علاقے میں جھڑپوں کے دوران دو فلسطینی نوجوانوں کوگولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔

طبی عملے کے مطابق 12 اور 15 سالہ نوجوانوں کو خان یونس کے قریب ہلاک کیا گیا۔

اس سے قبل سنیچر کو مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے اس فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا جس نے مبینہ طور پر دو یہودیوں کو چاقو کے وار کرکے زخمی کر دیا تھا۔

اسرائیلی فورسز اور فلسطینی نوجوانوں میں جھڑپیں

فلسطینیوں کا اسرائیل پر راکٹ حملہ

اسرائیلی فائرنگ سے مبینہ فلسطینی حملہ آور ہلاک

پولیس کا دعویٰ تھا کہ اس واقعے میں ایک 16 برس کے فلسطینی نوجوان نے 60 برس سے زیادہ عمر کے دو یہودیوں کو چاقو مار کر زخمی کیا تھا۔

ادھر فلسطینی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ مشرقی بیت المقدس میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں زخمی ہونے والا فلسطینی ہلاک ہوگیا ہے۔ حماس کے مطابق مذکورہ شخص اس کا رکن تھا۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ شدت پسندوں نے غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل پر ایک راکٹ داغا ہے۔ حکام کے مطابق راکٹ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

گذشتہ ہفتہ کے دوران علاقے میں تشدد کے پے در پے کئی واقعات پیش آئے ہیں۔

جمعہ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے ساتھ سرحد پر فائرنگ کرکے سات فلسطینیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

اسرائیلی فوج کا دعویٰ تھا کہ فلسطینی مظاہرین نے ان پر دستی بم اور راکٹ سے حملہ کیا تھا اور ان کی طرف جلتے ہوئے ٹائر اچھالے تھے۔

یہ فلسطینی مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے فلسطینیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے جمع ہوئے تھے۔

اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں تازہ اضافہ ستمبر کے وسط میں اس وقت ہوا جب مسجد الاقصیٰ کے اندر فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔

فلسطینی نوجوان مسجدالاقصیٰ کے اندر مسلمانوں کے لیے مخصوص حصے میں یہودیوں کے داخلے کے مخالف ہیں۔

اسی بارے میں