فن لینڈ میں پیزا سستا ملے تو پولیس کو مطلع کریں

فائل فوٹو، پیزا تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ’پیزا کی رسید کے لیے جستجو کرنا مضحکہ خیز ہے‘

فِن لینڈ میں ٹیکس چوروں کے خاتمے کی مہم میں پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر ادارے آپ کو سستے پیزا کی پیشکش کریں تو پولیس کو مطلع کر دیں۔

قومی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹوں سے چلائی جانے والی اِس نئی مہم میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ جہاں چھ یورو سے کم پیزا فروخت ہوتا دیکھیں تو اِس بارے میں افسران کو اطلاع دیں۔

فِن لینڈ کے صوبے یووسیما کے پولیس کے افسر مینا اِمونین کا کہنا ہے کہ ’جب تک پیزا عارضی طور پر سستے داموں فروخت کیا جاتا رہے گا اِس کا کوئی امکان نہیں ہے کہ کوئی قانونی ادارہ اِس کو چھ یورو سے کم میں فروخت کرے۔‘

پولیس ’معاشی چوروں‘ کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہے جس سے ہر سال ملک کو ٹیکس آمدنی میں کروڑوں یورو کا نقصان ہوتا ہے۔

وہ یہ چاہتے ہیں کہ عوام پیزا خریدتے وقت قیمت سے قطع نظر رسید لازمی حاصل کریں۔

سوشل میڈیا پر عوام کی جانب سے اِس مہم پر بے یقینی اور پریشانی کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔

فیس بک پر ’معاشی جرائم کے تفتیش کار‘ نامی صفحے پر ایک صارف نے لکھا ہے کہ ’پیزا کی رسید کے لیے جستجو کرنا مضحکہ خیز ہے۔‘

’کیا اِنھیں پولیس کے محدود تحقیقاتی وسائل پر توجہ نہیں دینا چاہیے جہاں حقیقی مشکلات ہیں؟‘

دیگر لوگوں کو شک ہے کہ اِس مہم کا کوئی اثر ہو گا، کئی لوگوں نے مشکل کا ذمہ دار فن لینڈ کے نسبتاً ٹیکس کی زیادہ شرح کو ٹھہرایا ہے۔

ایک صارف کا کہنا ہے کہ’جب تک حکومت زیادہ ٹیکسوں کے ذریعے سے قانونی طریقے سے چوری کرے گی تو کمپنیاں بھی حکومت سے چوری کریں گی۔‘

ایک اور شکایت یہ بھی ہے کہ عوام ’مجرموں کی تفتیش کے لیے جاسوس کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔‘

ایک نے لکھا ہے کہ ’کیا یہ پولیس کی ذمہ داری نہیں ہے کہ اِس کی تفتیش کرے؟‘

اسی بارے میں