شناخت کی غلطی: اسرائیلی فوجی نے یہودی شہری کو مار ڈالا

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption اسرائیل میں حالیہ چند دنوں میں کسی فرد کو غلطی سے حملہ آور سمجھ کر ہلاک کیے جانے کا دوسرا واقعہ پیش آیا ہے

اسرائیل کے شہر یروشلم میں ایک اسرائیلی فوجی کی فائرنگ سے ایک یہودی شہری ہلاک ہوگیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ دونوں افراد ایک دوسرے کو عرب حملہ آور سمجھے تھے اور آپس میں لڑ پڑے تھے۔

اریٹریا کے شہری پر تشدد کرنے والے اسرائیلیوں کی تلاش

اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ: ویڈیو رپورٹ

حرم الشریف کا جھگڑا کیا ہے؟: ویڈیو رپورٹ

فلسطینی مزاحمتی تحریکوں پر ایک نظر: ویڈیو رپورٹ

ادھر اسرائیلی پولیس نے بھی جمعرات کو مزید ایک فلسطینی حملہ آور کو ہلاک اور ایک کو زخمی کر دیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہری نے جمعرات کو وسطی یروشلم میں ایک بس پر سوار ہونے والے دو اسرائیلی فوجیوں کو یہ سمجھ کر روکا کہ وہ حملہ آور ہیں۔

پولیس کے مطابق فوجی بھی اس شخص کو حملہ آور سمجھے اور اس سے خود کو شناخت کروانے کو کہا۔ شہری کے انکار پر ان کی لڑائی ہوئی اور اس دوران جب مذکورہ شہری نے ایک فوجی کی بندوق پر ہاتھ ڈالا تو دوسرے فوجی نے اسے گولی مار دی۔

Image caption ہ رواں ماہ تشدد کے سلسلہ وار واقعات میں آٹھ اسرائیلی اور حملہ آوروں سمیت 40 سے زیادہ فلسطینی ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں

خیال رہے کہ یہ حالیہ چند دنوں میں کسی فرد کو غلطی سے حملہ آور سمجھ کر ہلاک کیے جانے کا دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل 18 اکتوبر کو بھی ایک بس اڈے پر حملے کے دوران وہاں تعیناتمحافظ نے اریٹیریا کے ایک شہری کو حملہ آور کا ساتھی سمجھ کر گولی مار دی تھیجس کے بعد وہاں موجود عام شہریوں نے اسے تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا اور وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا تھا۔

جمعرات کو بھی اسرائیلی پولیس کے اہلکاروں نے ملک کے وسطی علاقے میں ایک اسرائیلی کو چاقو کے وار سے زخمی کرنے والے دو فلسطینیوں کو گولی ماری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان حملہ آوروں نے یروشلم کے مغربی شہر بیت الشمیش میں پہلے سکول کے طلبا کو لے جانے والی بس پر سوار ہونے کی کوشش کی اور اس میں ناکامی کے بعد بس اڈے پر موجود 25 سالہ شخص کو زخمی کیا۔

اسرائیلی طبی ذرائع کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے جبکہ دوسرے کی حالت نازک ہے

خیال رہے کہ رواں ماہ تشدد کے سلسلہ وار واقعات میں آٹھ اسرائیلی اور حملہ آوروں سمیت 40 سے زیادہ فلسطینی ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

اسی بارے میں