وھیل کا نظارہ کرانے والی کشتی غرقاب، چار افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption برٹش کولمبیا کورونر کی ترجمان بارب میک لنٹوک نے خبررساں ادارے اے پی کو ’متعدد ہلاکتوں‘ کے بارے میں بتایا

کینیڈا میں ہنگامی حالات کے ادارے کے مطابق برٹش کولمبیا کے ساحل پر وھیل مچھلی کا نظارہ کرانے والی ایک کشتی کے ڈوبنے سے کم از کم چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

کوسٹ گارڈز اور ریسکیو حکام کے مطابق یہ کشتی وینكوور جزیرے پر ٹوفينو کے نزدیک غرقاب ہوئی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس کشتی پر 27 افراد سوار تھے۔ کشتی پر سوار سیاحوں کا تعلق کن ممالک سے ہے اس کا علم ابھی نہیں ہے۔

مقامی میڈیا نے صحت کے حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثے میں اب تک چار افراد کی موت کی تصدیق ہوئی ہے تاہم کشتی کے غرقاب ہونے کی وجوہات سامنے نہیں آئی ہیں۔

برٹش کولمبیا کورونر کی ترجمان بارب میک لنٹوک نے خبررساں ادارے اے پی کو ’متعدد ہلاکتوں‘ کے بارے میں بتایا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ابھی امدادی کام جاری ہے اس لیے قطیعت کے ساتھ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کتنی ہلاکتیں ہوئي ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption وھیل مچھلی کا نظارہ دیکھنے کے لیے ٹوفینو سیاحوں کی مقبول منزل ہے

کینیڈا کی نیوز سروس سی بی سی کے مطابق نو افراد کو پانی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سی بی سی کے مطابق کشتی سمندر میں ساحل سے قدرے فاصلے پر ڈوبی ہے۔

کینیڈا کی میڈیا کے مطابق یہ کشتی جیمی کی وھیلینگ سٹیشن اینڈ ایڈونچر سینٹر کے تحت چلائي جا رہی تھی اور اس کا فشنگ سیزن رواں ماہ کے آخر میں ختم ہونا تھا جبکہ ان کی سمندری سیر کی خدمات گذشتہ 30 سال سے جاری ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جب کشتی ڈوبی اس وقت سمندر پرسکون تھا اور سورج چمک رہا تھا۔ وھیل مچھلی کا نظارہ دیکھنے کے لیے ٹوفینو سیاحوں کی مقبول منزل ہے اور کشتی کا یہ سفر عام طور پر تین گھنٹوں پر محیط ہوتا ہے۔

اسی بارے میں