شام میں دولتِ اسلامیہ کے تیل سے بھرے 116 ٹرک تباہ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption دولتِ اسلامیہ ایک سال میں تیل کی فروخت سے 50 کروڑ ڈالر حاصل کرتی ہے

امریکی محکمہ دفاع کے حکام کے مطابق شام میں اتحادیوں کے حملے میں خود کو دولتِ اسلامیہ کہنے والی تنظیم کے تیل سے بھرے 116 ٹرک تباہ ہو گئے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ دولتِ اسلامیہ کے زیر قبضہ علاقے البوكمال میں یہ کارروائی کی گئی۔

شام میں امریکہ کی کمان پر دولتِ اسلامیہ کے تیل کے ٹرکوں پر پہلے بھی حملے کیے جا چکے ہیں تاہم کسی ایک حملے میں تباہ ہونے والے سب سے زیادہ ٹرک ہیں۔

دولتِ اسلامیہ کی آمدن کا بڑا حصہ تیل کی بلیک مارکیٹ میں فروخت سے آتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق تنظیم ایک سال میں تیل کی فروخت سے 50 کروڑ ڈالر حاصل کرتی ہے۔

اے ایف پی نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ فضائی حملے کے وقت ایک ڈپو میں کھڑے ٹرکوں میں تیل بھرا جا رہا تھا۔

امریکی کی قیادت میں اتحاد نے گذشتہ برس دولتِ اسلامیہ کے زیر قبضہ تیل کی تنصیبات پر حملے شروع کیے تھے جبکہ گذشتہ ماہ ہی امریکی نے ان تنصیبات کو زیادہ شدت سے نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا اور تازہ کارروائی اسی حکومت عملی کا حصہ ہے۔

اسی بارے میں