برطانیہ میں سٹیل کے کارخانے میں دھماکہ، کم سے کم پانچ زخمی

Image caption امدادی کارکنوں کے مطابق آگ عمارت کے تہ خانے میں لگی ہے

برطانیہ کے شہر کارڈف میں سٹیل کے ایک کارخانے میں دھماکے سے کم سے کم پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

ساؤتھ ویلز میں آگ بجھانے اور ریسکیو کے محکمے کو بلا لیا گیا ہے۔ یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے ہوا۔

واقعے کے بعد علاقے کو خالی کروا لیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ایک مقامی تاجر کے مطابق اس نے بہت زوردار دھماکہ سنا۔ ایک شخص نے نام ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہم نے زوردار دھماکہ سنا جس کے بعد وہاں سے دھواں بلند ہوتے دیکھا۔

’ہم جس عمارت میں تھے وہ بہت زور سے ہلی۔ ہم اس مقام سے محض سو یا دو سو گز کے فاصلے پر تھے۔‘

ساؤتھ ویلز کے آگ بجھانے اور ریسکیو کے ادارے کی ڈائریکٹر جینی گریففتھ نے ٹویٹ کیا کہ امدادی کارکن متاثرہ افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ آگ عمارت کے تہہ خانے میں لگی ہے۔

گذشتہ برس بھی اس کارخانے کے تین مزدوروں کو جھلسنے کے بعد ہسپتال داخل کروایا گیا تھا۔

اسی بارے میں