امریکہ میں شدید طوفان سے چھ افراد ہلاک، متعدد زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ

امریکہ کے وسط مغربی ریاستوں میں آنے والے شدید طوفان میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ ماہرین موسمیات نے اس طوفان کو’انتہائی خطرناک‘ قرار دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تین افراد اس وقت ہلاک ہو گئے جب طوفان شمالی مسی سپی کے علاقے سے گزرا۔

طوفان کی تیز ہواؤں نے درجنوں عمارتوں کو تباہ کر دیا۔

مسی سپی میں حکام گھرگھر جا کر امداد مہیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ ایک شمال مشرقی ریاست میں واقع ایک چھوٹے ایئرپورٹ پر کئی جہاز الٹ گئے اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے کلارکس ڈیل کے میئر بل لوکیٹ کے حوالے سے کہا ہے ’ہر طرف درختوں سے سٹیل کی چادریں لپٹی ہوئی ہیں، ایک عمارت میرے سامنے ہیں جو مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔‘

ماہرین موسمیات نے کینٹکی، ایلاباما، انڈیانا، الینوئے اور مزوری کی ریاستوں میں کرسمس سے پہلے خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔

اوکلاہاما میں طوفانوں کی پیشن گوئی کے مرکز کے مطابق صورت حال ’انتہائی خطرناک‘ ہے۔

امریکہ میں کرسمس سے قبل خراب موسم کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ ایک سال قبل بھی جنوبی مشرقی مسی سپی میں کرسمس کے موقعے پر آنے والے طوفان میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

2012 میں کرسمس کے موقعے پر آنے والے طوفانوں نے ٹیکسس سے لے کر ایلاباما تک تباہی مچا دی تھی۔

اسی بارے میں