امریکہ میں شدید طوفان سے 11 افراد ہلاک، متعدد زخمی

Image caption اطلاعات کے مطابق طوفان کی تیز ہواؤں نے مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے

امریکہ کی وسط مغربی ریاستوں میں آنے والے شدید طوفان میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

ماہرین موسمیات نے اس طوفان کو’انتہائی خطرناک‘ قرار دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے شمالی مسی سپی میں سات، ٹینیسی میں تین جبکہ آرکنساس میں ایک شخص ہلاک ہوا۔

امریکہ میں شدید طوفان سے چھ افراد ہلاک، متعدد زخمی

اطلاعات کے مطابق طوفان کی تیز ہواؤں نے مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

حکام مسی سپی میں جہاں طوفان نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا گھرگھر جا کر امداد مہیا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Image caption حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے شمالی مسی سپی میں سات، ٹینیسی میں تین جبکہ آرکنساس میں ایک شخص ہلاک ہوا

مسی سپی میں ہلاک ہونے والے افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ مرنے والا بچہ اس وقت اپنے دیگر رشتہ داروں کے ساتھ کار میں موجود تھا۔

اس بچے کے دیگر رشتہ داروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ شمال مشرقی ریاست میں واقع ایک چھوٹے ایئرپورٹ پر کئی جہاز الٹ گئے اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے کلارکس ڈیل کے میئر بل لوکیٹ کے حوالے سے بتایا ’میں اس وقت شدید نقصان کو دیکھ رہا ہوں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’ہر طرف درختوں سے سٹیل کی چادریں لپٹی ہوئی ہیں، متعدد جہاز الٹ چکے ہیں اور میرے سامنے ایک عمارت ہے جو مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے۔‘

Image caption مسی سپی کی ہائی وے پٹرول سروس کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے انٹر سٹیٹ 55 دونوں جانب سے بند ہو چکی ہے

مسی سپی کی ہائی وے پٹرول سروس کا کہنا ہے کہ طوفان کی وجہ سے انٹر سٹیٹ 55 دونوں جانب سے بند ہو چکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق مسی سپی میں آنے والا طوفان 100 میل کی رفتار سے اب ٹینیسی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

ماہرین موسمیات نے کینٹکی، ایلاباما، انڈیانا، الینوئے اور مزوری کی ریاستوں میں کرسمس سے پہلے خراب موسم کی پیش گوئی کی ہے۔

اوکلاہاما میں طوفانوں کی پیشن گوئی کے مرکز کے مطابق صورت حال ’انتہائی خطرناک‘ ہے۔

امریکہ میں کرسمس سے قبل خراب موسم کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ ایک سال قبل بھی جنوبی مشرقی مسی سپی میں کرسمس کے موقعے پر آنے والے طوفان میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

سنہ 2012 میں بھی کرسمس کے موقعے پر آنے والے طوفانوں نے ٹیکسس سے لے کر ایلاباما تک تباہی مچا دی تھی۔

اسی بارے میں