بھارتی ایئر بیس پر حملہ نفرت انگیز عمل ہے: جان کربی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پٹھان کوٹ حملے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے

امریکہ نے بھارت کے شمال مغربی علاقے پٹھان کوٹ میں بھارتی ایئر بیس پر ہونے والے تباہ کن حملے کو ’نفرت انگیز دہشت گرد حملہ‘ قرار دیا ہے۔

امریکی وزرات خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا: ’امریکہ دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ اپنی مضبوط تعاون کے عہد کا پابند ہے۔‘

جان کربی نے پاکستان کے نام لیے بغیر خطے کے تمام ممالک سے دہشت گردی کے نٹ ورک کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔

انھوں نے کہا: ’ہم خطے میں تمام ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس قابل نفرین عمل کے مرتکب ہونے والوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچانے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔‘

’بھارتی ترقی سے پریشان طاقتوں نے پٹھان کوٹ پر حملہ کیا‘

بھارتی ایئر بیس پر سکیورٹی اداروں کی کارروائی مکمل

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اس کے ذمہ داروں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچائیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption حملے کے بعد بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ میں سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گيا

خیال رہے کہ یہ حملہ پاکستان سرحد کے قریب سنیچر کی صبح ہوا تھا جس میں کم از کم تین سکیورٹی اہلکار کے علاوہ پانچ حملہ آور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

جان کربی نے اپنے ایک ٹویٹ میں بھارتی ایئر بیس پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے اور حملے کے شکار افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ نے بھی گذشتہ روز حملے کی مذمت اور سوگواروں کے ساتھ اظہار تعزیت کی تھی۔ بعض حلقوں کا خیال ہے کہ یہ حملہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔

اسی بارے میں