امریکہ: اسلحے کا غیر قانونی استعمال روکنے کے لیے صدارتی حکم نامہ

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption صدر اوباما نے بندوق کی نئی تدابیر کے بارے میں کہا کہ اس سے تمام پرتشدد جرائم کا مسئلہ ختم نہیں ہوگا لیکن اس سے بہت حد تک جانیں بچیں گی

امریکی صدر براک اوباما اسلحے کے غیر قانونی استعمال روکنے کے سلسلے ایک صدارتی حکم نامے کی منظوری دیں گے۔ جس کے تحت اسلحہ یا دوسرے آتش گیر اسلحے خریدنے والوں کی زیادہ جانچ پڑتال کی جائے گی۔

کانگریس کی جانب سے بندوق کے نئے قانون کی مخالفت کے باوجود صدر منگل کو اس کے متعلق اپنے منصوبے کا اعلان کرنے والے ہیں۔

ہتھیاروں پر کنٹرول کے لیے یکطرفہ فیصلہ کروں گا: اوباما

’پولیس کو اصلاحات کی ضرورت ہے، کانگریس رقم دے‘

اسلحے اور بندوق بیچنے والے تمام تاجر جو نمائشوں میں یا آن لائن اسلحے فروخت کرتے ہیں ان پر یہ دباؤ ڈالا جائے گا کہ وہ متوقع خریدار کے ماضی کی جانچ کریں۔

ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار رینڈ پال نے کہا ہے کہ وہ اس ایگزیکٹو عمل کی ’پوری شد ومد کے ساتھ مخالفت کریں گے۔‘

تاہم صدر اوباما کا کہنا ہے ان کی نئی تدابیر قانون کے دائرے میں ہوگی اور امریکی آئین کی دوسری ترمیم کے مطابق ہوگی جس میں امریکیوں کو اسلحے رکھنے کا حق فراہم کیا گیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ .
Image caption امریکہ میں بندوق یا دوسرے اسلحے کے حصول میں سختی لانے کے عمل پر اتفاق رائے نہیں ہے

صدر اوباما نے کہا کہ اس سے امریکہ میں ہونے والے تمام پرتشدد جرائم کا مسئلہ ختم نہیں ہوگا لیکن بہت حد تک جانیں بچیں گی اور ’اہل خانہ کے دکھ درد میں کمی ہوگی۔‘

وائٹ ہاؤس نے پیر کو جو منصوبہ پیش کیا اس کے تحت:

  • تمام اسلحہ فروخت کرنے والے کے پاس لائسنس ہونا چاہیے اور وہ اسلحے خریدنے والوں کے بیک گراؤنڈ کی جانچ کریں گے۔
  • حکومت ایسے لوگوں کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی جو ذہنی مریض ہیں یا خانگی تشدد کے مرتکب ہیں کیونکہ وہ اسلحے رکھنے کے قابل نہیں ہیں۔
  • امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کسی خریدار کے ماضی کی جانچ کے لیے اپنے عملے میں 50 فی صد اضافہ کرے گا یعنی 230 نئے انسپکٹروں کی تقرری ہوگی۔
  • کانگریس سے ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے لیے 50 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے لیے کہا جائے گا۔
  • وزارت دفاع، انصاف اور ہوم لینڈ سکیورٹی ’سمارٹ گن ٹیکنالوجی‘ میں اسلحے کی سیفٹی میں اضافے کے طریقے تلاش کریں گے۔
تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption امریکہ میں شہریوں کو اسلحے رکھنے کا حق حاصل ہے

اس سے قبل پیر کی صبح صدر نے اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ، ایف بی آئی کے ڈائرکٹر جیمز کومی اور دوسرے اہلکاروں کی تجاویز سنیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال انھوں نے بی بی سی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ بندوق کے بارے میں موثر قانون نہیں بنا پانے پر انھیں سب سے زیادہ افسوس ہے۔

اسی بارے میں