’ڈزنی لینڈ سے گرفتار شخص اپنی سلامتی کے لیے فکرمند تھا‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

فرانس میں ڈزنی لینڈ پیرس کے قریب ہوٹل سے گرفتار ہونے والے مسلح شخص کے مطابق وہ اپنی سلامتی کے بارے میں خوفزدہ تھا اور اسی وجہ سے اپنی پاس ہتھیار رکھے۔

ڈزنی لینڈ پیرس کے قریب نیویارک ہوٹل کے داخلی دروازے پر اس مسلح شخص کو دو بندوقوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق دہشت گردی کا کوئی پہلو سامنے نہیں آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس 28 سالہ شخص کی قبضے سے قرآن کا نسخہ اور کارتوسوں کا ایک باکس بھی ملا ہے۔

ڈزنی لینڈ پیرس کا کہنا ہے کہ دو بندوقوں کے بارے میں سکیورٹی چیکنگ کے دوران معلوم ہوا اور انھوں نے اس کے بارے میں پولیس کو آگاہ کیا جس نے اس شخص کو کسی مزاحمت کے بغیر گرفتار کر لیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption فرانس میں پیرس حملوں کے بعد سے سکیورٹی انتظامات انتہائی سخت ہیں

پولیس نے اس شخص کی ساتھی ہونے کے شک میں ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا گیا لیکن جلد ہی غلطی کا احساس ہونے پر اس کو چھوڑ دیا گیا۔

پولیس اس شخص کی گرل فرینڈ کی اب بھی تلاش کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں پیرس حملوں کے بعد سے فرانس میں ایمرجنسی صورتحال ہے۔

ڈزنی لینڈ پیرس یورپ کا سب سے مقبول سیاحتی مرکز ہے اور یہاں سالانہ ایک کروڑ افراد آتے ہیں۔

اس واقعے کے بعد ڈزنی لینڈ معمول کے مطابق سیاحوں کے لیے کھلا ہے۔

اسی بارے میں