ڈرونز کو پکڑنے کے لیے عقاب کی تربیت

Image caption ویڈیو میں عقاب کو ڈرونز پر حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے

نیدرلینڈ کی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ آسمان پر پرواز کرنے والے غیر قانونی ڈرون طیاروں کو پکڑنے کے لیے عقابوں کو تربیت دے رہے ہیں۔

ویڈیو فوٹیج میں ایک عقاب کو ہوا میں منڈلاتے ڈرون کی جانب جھپٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ جس کے بعد عقاب نے اپنے پنجوں میں مشین کو دبوچا اور پھر اُڑ گیا۔

نیدر لینڈ کی پولیس کی جانب سے غیر قانونی ڈرونز کے تدارک کے لیے پیش کیے جانے والے مختلف اقدامات میں سے یہ بھی ایک قدم ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ عوام کی جانب سے ڈرون کے بڑھتے ہوئے استعمال کی روک تھام کی کوشش کررہے ہیں۔

عقابوں کو تربیت دینے کے لیے پولیس نے گارڈ فرام ابوو نامی کمپنی کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ ماہر شکاری عقابوں کو یہ سکھایا گيا کہ وہ ڈرون کو اپنا شکار اور خوارک سمجھیں۔

پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے ’عقاب ڈرون کو اپنا شکار سمجھتا ہے اور اسے ایک ایسے محفوظ مقام کی طرف لے جاتا ہے جہاں دیگر پرندے یا انسان اُسے تنگ نہ کرسکیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption عقابوں کو یہ تربیت دی جا رہی ہے کہ وہ ڈرونز کو اپنی خوراک سمجھ کر اس پر حملہ کریں

ڈرون تیزی سے عام ہوتے جارہے ہیں اور ان کی وجہ سے کئی طیارے حادثے کا شکار ہوتے ہوتے رہ گئے ہیں۔

گذشتہ ماہ ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

اس بات کے خدشات بھی ہیں کہ ڈرون میں لگے ہوئے بلیڈز سے عقاب زخمی ہوسکتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ پولیس حکام بظاہر عقاب کے لیے کسی حفاظتی لباس کی تلاش کررہے ہیں۔

اسی بارے میں