فرانس میں پناہ گزینوں کے جنگل میں’ہیملٹ‘

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

شیکسپیئر گلوب تھیئٹر گروپ کے فنکاروں نے بدھ کو فرانس کے سرحدی علاقے کیلے میں پناہ گزینوں کے کیمپ میں شیکسپیئر کا ڈرامہ ہیملٹ پیش کیا ہے۔

کیلے کے جس علاقے میں پناہ گزین مقیم ہیں اسے ’جنگل‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور وہاں تقریباً چھ ہزار لوگ خطرناک اور غیر صحت مند ماحول میں رہتے ہیں۔

یہ شو اس عالمی ٹور کا حصہ تھا جس کے تحت شیکسپیئر کے ڈرامے ہیملٹ کو آئندہ اپریل تک دنیا میں جتنی جگہ بھی ممکن ہو پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پناہ گزینوں کے سامنے پیشکش سے قبل ڈرامے کا خلاصہ عربی اور فارسی زبان میں ناظرین کو پاپ کارن کے ایک ایک بیگ ساتھ پیش کیا گیا۔

اس کیمپ میں گذشتہ سات ماہ سے مقیم افغانستان کے عبدل کا کہنا تھا ’یہ اچھا ہے۔ یہ یہاں کے لوگوں کو خوشیاں دیتا ہے۔‘

اس گروپ نے اس ڈرامے کو اس سے قبل اردن، جبوتی اور کیمرون میں واقع پناہ گزینوں کے کیمپس میں بھی پیش کیا تھا۔

گلوب کے فنکار اور ہدایت کار ڈومنک ڈرومگول کا کہنا تھا کہ جنگل میں اس طرح کی پیشکش ٹور کے تحت بےگھر افراد تک رسائی کی ایک بہترین مثال ہے۔

Image caption گلوب کے فنکار اور ہدایت کار ڈومنک ڈرومگول کا کہنا تھا کہ جنگل میں اس طرح کی پیشکش ٹور کے تحت بےگھر افراد تک رسائی کی ایک بہترین مثال ہے

ان کا کہنا تھا ’پناہ گزینوں کا بحران جس پیمانے کا ہے اس پر کچھ بھی کرنے کی ضرورت ہے چاہے وہ جتنا چھوٹا ہی ہو۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’ہمارے لیے کیلے میں بے گھر افراد کے سامنے ڈرامے کی پیشکش سعادت کی بات ہے۔ ایک ڈرامہ کمپنی کی حیثیت سے ہم ان کے لیے یہی کر سکتے ہیں، سب سے بڑے اور تاریک ترین وقت میں ایک ایسا شو جس سے ہم امید کرتے ہیں کہ اس میں ایک انسان انسان کی روح سے بات کرتا ہے۔‘

’شیکسپیئرگلوب‘ کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر ٹام برڈ نے کہا ’ہم تفریح دینے والے ہیں اور یہاں بہت ہی بوریت ہے اور اس کی بہت ضرورت ہے۔ اگر ہم دو گھنٹے کے لیے تفریح طبع کا سامان مہیا کر کے ان کی توجہ مبذول کرا سکیں تو ہم اسے کرنے میں حق بجانب ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption جنگل میں ڈرامہ پیش کرنے کے بعد گروپ کا دوسرا مقام پیر کے روز مالٹا میں ہے جہاں لیبیا سے آئے ہوئے پناہ گزین رہتے ہیں

یہ پیشکش مقامی تھیٹر کمپنی ’گڈ چانس‘ کی مدد سے کی گئي۔

اس کمپنی کے ڈائریکٹر جو مرفی اور جو روبرسٹن نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ ’ایک ایسی پروڈکشن جو دنیا بھر کے سامعین تک سفر کر چکی ہے مناسب ہے کہ وہ یہاں کیلے کے کیمپ کا بھی دورہ کرے جہاں پر 20 مختلف قوموں کا سنگم ہے۔‘

جنگل میں ڈرامہ پیش کرنے کے بعد گروپ کی اگلی پرفارمنس پیر کو مالٹا میں ہو گی جہاں لیبیا سے آئے ہوئے پناہ گزین رہتے ہیں۔

اسی بارے میں