آسٹریا میں برف کے تودے کی زد میں آ کر پانچ افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

آسٹریا میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کوہ الپس پر برف کا تودہ گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ 27 افراد پر مشتمل سکینیگ کرنے والے دو گروپس برف کے تودے کی زد میں آئے ہیں۔

ابتدائی اندازے کے مطابق برف کا تودہ ڈیڑھ کلو میٹر سے زائد طویل اور 16 فٹ سے زائد لمبا تھا۔

امدادی کارکن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور سراغ رسانی میں مصروف ہیں۔ علاقے میں ریسکیو کے لیے ہیلی کاپٹر بھی موجود ہیں۔

برف کے تودے میں دبے بعض افراد اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکلے ہیں جبکہ ریسکیو کا عملہ دیگر افراد کی تلاش میں مصروف ہے

زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال روانہ کیا گیا۔

پولیس کی ٹرول سروس کے مطابق سنیچر کو 19 برف کے تودے گرے ہیں۔ جن میں ہلاکتیں نہیں ہوئی ہیں لیکن کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال سکینیگ کے سیزن کے دروان فرنچ الپس پر برف کے تودے گرنے سے کئی مہلک حادثات رونما ہوئے ہیں۔

گذشتہ ماہ فرانس کے علاقے میں کوہِ الپس پر دو فرانسیسی طالب علم اور یوکرین سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح ہلاک ہو گئے تھے جبکہ گذشتہ ہفتہ فرانس کی فوج میں شامل 6 سپاہی برفانی حادثے کے سبب ہلاک ہوئے تھے۔

اسی بارے میں